شہریت ترمیمی بل: بائیں بازو کی پارٹیوں کا 19 دسمبر کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرہ
مارکسی کمیونسٹ پارٹی،کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا،فارورڈ بلاک ریوولیوشنری سوشلسٹ پارٹی اور سی پی ایم (مالے) نے ایک مشترکہ بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ وہ سی اے بی کے خلاف ملک گیر مظاہرہ کریں گے۔
نئی دہلی: پانچ بائیں بازو کی پارٹیوں نے پارلیمنٹ کے ذریعہ پاس شہریت ترمیمی بل (سی اے بی)کی مخالفت میں 19 دسمبر کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔قابل غور ہے کہ اسی دن رام پرساد بسمل، اشفاق اللہ خاں اور روشن سنگھ کو پھانسی دی گئی تھی۔ مارکسی کمیونسٹ پارٹی،کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا،فارورڈ بلاک ریوولیوشنری سوشلسٹ پارٹی اور سی پی ایم (مالے) نے ایک مشترکہ بیان جاری کر کے اس ملک گیر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیاہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت نے آئین کا مخالف بل پاس کر کے ملک کی سیکولر خد و خال کو توڑنے اور فرقہ وارانہ تشدد کو پھیلانے کا قدم اٹھایا ہےاور اب ملک میں قومی شہریت رجسٹر نافذ کرکے ملک کو توڑنے کا کام کررہی ہے اور’ ہندو راشٹر ‘بنانے میں لگی ہے۔
بائیں محاذ کی پارٹیوں کا کہنا ہے کہ سبھی ترقی پسند بائیں بازو طاقتیں 19دسمبرکو اکٹھا ہوں گی اوراحتجاج کریں گی۔ بیان پر سیتارام یچوری،ڈی راجہ،دیپانکر بھٹاچاریا وغیرہ کے دستخط بھی ہیں۔ واضح رہے کہ 19دسمبر کورام پرساد بسمل کو گورکھپور جیل میں،اشفاق اللہ خاں کو فیض آباد جیل میں اور روشن سنگھ کو نینی جیل میں پھانسی دی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔