نوئیڈا میں خاتون سے گالی گلوچ کرنے کا ملزم لیڈر شری کانت تیاگی میرٹھ سے گرفتار
یوپی کے نوئیڈا میں واقع گرینڈ اومیکس سوسائٹی میں خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرنے کے ملزم لیڈر شری کانت تیاگی کو میرٹھ سے گرفتار کر لیا گیا ہے، وہ کئی دنوں سے فرار چل رہا تھا
نوئیڈا: اتر پردیش کے نوئیڈا میں واقع گرینڈ اومیکس سوسائٹی میں خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرنے کے ملزم بی جے پی لیڈر شری کانت تیاگی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تیاگی کو گرفتار کرنے کے لئے ایس ٹی ایف کی کئی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شری کانت تیاگی کو میرٹھ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
شری کانت تیاگی کو ایسے وقت میں گرفتار کیا گیا ہے، جب اس کی بیوی کو منگل کے روز دوبارہ نوئیڈا فیز 2 تھانہ میں پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا ہے۔ تیاگی کی بیوی سے اس سے پہلے بھی اتوار کے روز پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ پیر کے روز نوئیڈا ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے سوسائٹی میں شری کانت تیاگی کی غیر قانونی تعمیرات کو بھی مسمار کر دیا تھا۔
شری کانت تیاگی کی گرفتار کے بعد رکن پارلیمنٹ مہیش شرما نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے یقین دلایا تھا اور ہماری قوت مادر یقین کرتی ہے کہ جب بھی کوئی بحران آئے گا ہمارے وزیر اعلیٰ اور حکومت و انتظامیہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔ مہیش شرما نے کہا کہ ان کی ایک گھنٹے قبل ہی اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر سے بات ہوئی تھی اور انہوں نے یقین دلایا تھا کہ اسے جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ شری کانت تیاگی کی گرفتار کے لئے ایس ٹی ایف کی 12 ٹیموں کے علاقہ پولیس کی بھی ٹیمیں مامور کی گئی تھیں۔ اس کی تلاش یو پی سے لے کر اتراکھنڈ تک کی جا رہیی تھی۔ اس کی موبائل کی آخری لوکیشن رشی کیش پائی گئی تھی، اس کے بعد سے ہی وہ غائب تھا۔
شری کانت تیاگی کے معاملہ پر پرینکا گاندھی نے بھی گزشتہ روز بی جے پی حکومت پر نشانہ لگایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا بی جے پی لیڈر شری کانت کی تعمیرات کے خلاف بلڈوزر کی انہدامی کارروائی ظاہری ہے، تاکہ کئی سوالوں کے جواب نہ دینے پڑیں۔ پرینکا گاندھی نے پوچھا تھا کہ آخر کس کی پشت پناہی میں شری کانت تیاگی یہ تعمیرات تیار کرتا رہا اور اس کا کاروبار پروان چڑھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔