اہم خبریں: ناراض کسانوں نے بی جے پی لیڈر کے کپڑے پھاڑے، پولیس نے کیا لاٹھی چارج
راجستھان: کسانوں نے بی جے پی لیڈر کے کپڑے پھاڑے، پولیس نے کیا لاٹھی چارج
راجستھان کے شری گنگا نگر میں زرعی قوانین کی مخالفت کر رہے کسانوں نے بی جے پی لیڈر کیلاش میگھوال کے کپڑے پھاڑ دیے۔ میگھوال مہنگائی اور آبپاشی کو لے کر بی جے پی کے احتجاجی مظاہرہ میں حصہ لینے پہنچے تھے، تبھی یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس کو حالات قابو میں کرنے کے لیے لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا۔
یوپی میں ناراض دیہی عوام نے بی جے پی رکن اسمبلی کو گندے پانی میں گھمایا
اتر پردیش کے ضلع ہاپوڑ واقع گڑھ مکتیشور کا ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جہاں پر بی جے پی رکن اسمبلی کمل سنگھ ملک کو دیہی عوام کی زبردست ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا۔ ناراض عوام نے رکن اسمبلی کا ہاتھ پکڑ کر انھیں سڑک پر جمے سیور کے گندے پانی میں چلوایا۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ گاؤں میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں ہوا ہے اور نہ ہی سڑک بنی ہے جس کی وجہ سے یہاں پر پانی بھرا رہتا ہے۔
ٹوکیو اولمپکس میں پی وی سندھو کی شاندار کارکردگی، تمغہ سے ایک قدم دور
ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں داخل ہو گئی ہیں۔ کوارٹر فائنل میں انہوں نے جاپان کی اکانے یاگاموچی کو 21-13، 21-20 سے شکست دی۔ اگلا میچ جیتنے کے ساتھ ہی ان کا تمغہ یقینی ہو جائے گا۔
سی بی ایس ای 12ویں کے نتائج کا اعلان، متعدد طلبا امید سے کم نمبر ملنے سے مایوس
سی بی ایس ای کی جانب سے بارہویں جماعت کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تاہم متعدد طلبا اس بات سے مایوس ہیں کہ ان کے نمبرات ان کی امیدوں سے کم آئے ہیں۔
اے این آئی سے بات کرتے ہوئے دہلی کے ایک طالب علم ابھیشیک چودھری نے کہا، ’’نتائج میری امیدوں کے مطابق نہیں ہیں۔ مجھے 80 فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل ہونے کی امید تھی لیکن ایسا نہیں ہو سکتا جو مایوس کن ہے۔ میں سرکاری کالج میں داخلہ چاہتا تھا جو اب کافی مشکل نظر آ رہا ہے۔‘‘
کانگریس سمیت کئی سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کے باہر سراپا احتجاج، زرعی قوانین منسوخ کرنے کا مطالبہ
زرعی قوانین کے خلاف حزب اختلاف کی جانب سے لگاتار آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ آج اسی ضمن میں کانگریس پارٹی، شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کیا اور مرکزی حکومت سے تینوں زرعی قوانین واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر اکالی دل کی لیڈر ہرسمرت کور نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر کل صدر ہند سے ملاقات کریں گی۔ جبکہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ جے ایس گِل نے کہا کہ وہ یہاں کسانوں کی حمایت میں کھڑے ہوئے ہیں۔
سی بی ایس ای 12ویں جماعت کے نتائج کا اعلان آج 2 بجے ہوگا
سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کی جانب سے آج 2 بجے 12ویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ طلبا کافی وقت سے ان نتائج کا انتظار کر رہے تھے۔ خیال رہے کہ کورونا بحران کے سبب اس مرتبہ امتحانات نہیں لئے گئے اور فارمولہ کے مطابق تنائج تیار کئے گئے ہیں۔
ہندوستان میں کورونا کے نئے معاملوں کی تعداد 44 ہزار سے تجاوز، 555 افراد ہلاک
ہندوستان میں کورونا وائرس کے نئے معاملوں میں ایک مرتبہ پھر تیزی کا رجحان نظر آنے لگا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جہاں 44 ہزار سے زیادہ نئے معاملے درج کئے گئے وہیں، فعال کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
مرکزی وزارت صحت کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44230 نئے معاملے درج کئے گئے، اس دوران 42360 افراد نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 555 افراد نے دم توڑ دیا۔
نئے کیسز درج ہونے کے بعد ہندوستان میں کورونا کے معاملوں کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 15 لاکھ 72 ہار سے تجاوز کر گئی، جن میں سے 3 کروڑ 7 لاکھ 43 ہزار سے زیادہ افراد شفایاب ہو چکے ہیں۔ تازہ اموات کے بعد ہندوستان بھر میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 4 لاکھ 23 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ فعال معاملوں کی تعداد بھی بڑھ کر 4 لاکھ 5 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ ملک بھر کے 45 کروڑ 60 لاکھ 33 ہزار سے زیادہ افراد کورونا ویکسین کی پہلی یا دونوں خوراک حاصل کر چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔