اہم خبر: اسمبلی انتخابات نہ کرانے کے فیصلے سے عمر اور محبوبہ ناراض

عمر عبداللہ جو کہ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر ہیں، نے اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں مرکزی حکومت بالخصوص وزیر اعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

 عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی
عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی
user

قومی آواز بیورو

10 Mar 2019, 10:09 PM

جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات نہ کرانے کے فیصلے پر عمر اور محبوبہ ناراض

سری نگر: جموں وکشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ریاست میں لوک سبھا کے ساتھ ریاستی اسمبلی کے انتخابات نہ کرانے کے فیصلے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ سن 1996 کے بعد پہلا موقع ہے جب جموں وکشمیر میں اسمبلی کے انتخابات اپنے وقت پر نہیں ہوں گے جبکہ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ لوگوں کو عوامی منتخب حکومت چننے سے روکنا جمہوریت کے شایان شان نہیں ہے۔

عمر عبداللہ جو کہ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر ہیں، نے اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں مرکزی حکومت بالخصوص وزیر اعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

10 Mar 2019, 8:09 PM

مقدس آئینی جذبہ سے لوک سبھا انتخابات کرائے جائیں: مایاوتی

لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے اتوار کو لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن جمہوریت کا قومی تہوار ہے اور اسے مقدس آئینی جذبہ سے کرایا جانا چاہیے۔

بی ایس پی کی صدر نے ایک بیان میں سات راونڈ میں الیکشن کرانے کے الیکشن کمیشن کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں غریب، مزدور، کسان، خواتین، نوجوان اور دیگر محنت کش لوگ الیکشن میں سرگرم رول ادا کرتے ہیں اور ایسے میں انتخابات کا عمل قابل اعتبار ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا انتظام ہونا چاہیے کہ برسراقتدار پارٹی کسی طرح سے انتخابات کا غلط استعمال نہ کرسکے۔ مایاوتی نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے گذشتہ تمام انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی ہیں۔

بی ایس پی کی صدر نے کہا کہ عام لوگ الیکشن کمیشن سے امید کرتے ہیں کہ وہ بی جے پی کے ہتھکنڈوں سے آئین کی حفاظت کرے گا۔

10 Mar 2019, 3:09 PM

اتھیوپین ایئرلائنس کا مسافر جہاز حادثے کا شکار، عملہ سمیت تمام 157 افراد کی ہلاک کا خدشہ، جانیں کہاں!

عدیس ابابا: ایتھوپین ایئرلائنس کا ایک طیارہ آج ایتھوپیا میں بیشوفتو کے پاس حادثے کا شکار ہوگیا جس میں 157 افراد ہلاک ہو گئے۔ ایئرلائن نے بتایا کہ بوئنگ 800۔737 میکس طیارہ نے مقامی وقت کے مطابق آج صبح 8:38 بجے ایتھوپیا کے عدیس ابابا واقع بولے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے کینیا کی راجدھانی نیروبی کے لئے پرواز بھری تھی۔یہ فلائٹ نمبر ای ٹی 302 تھی ۔ پرواز بھرنے کے 6 منٹ بعد ہی اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ اس کے بعد طیارہ کو تلاش کیا جانے لگا۔ ایئر لائن نے طیارہ کے حادثہ کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے۔

طیارہ میں 149 مسافر اور عملے کے 8 افراد سوار تھے، خبر رساں ایجنسی روٹئرز کے مطابق طیارے میں سوار کسی بھی شخص کی جان نہیں بچ پائی ہے۔

وزیر اعظم ابی احمد نے ٹویٹر کے ذریعہ مرنے والوں کے خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’حکومت اور ایتھوپیا کے لوگوں کی طرف سے میں ان خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے آج صبح نیروبی جارہے بوئنگ 727 کے حادثے میں میں اپنے رشتہ داروں کو کھو دیا۔‘‘

(یواین آئی)


10 Mar 2019, 2:38 PM

گوجر ریزرویشن معاملہ: ایم بی ایس میں 5 فیصد ریزرویشن پر سماعت آج

جے پور: راجستھان گوجر سمیت پانچ ذاتوں کو انتہائی پسماندہ طبقہ (ایم بی سی) میں پانچ فیصد خصوصی ریزرویشن کے معاملے میں ہائی کورٹ میں پیر کو سماعت ہوگی۔

ریاستی حکومت کی طرف سے راجستھان پسماندہ طبقات ترمیمی ایکٹ - 2019 کے تحت گوجر سمیت پانچ ذاتوں گاڑيا لوہار، بنجارہ، ریباری اور رائكا کو ایم بی سی میں پانچ فیصد خصوصی ریزرویشن کو گزشتہ دنوں عدالت میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کر چیلنج کیا گیا تھا۔ اس میں چیف سکریٹری، پرسنل سیکرٹری، گوجر لیڈر کروڑی سنگھ اور ہمت سنگھ گوجر کو فریق بنایا گیا۔

ہمت سنگھ گوجر نے آج بتا یا کہ اس معاملے میں پیر کو ان کی طرف سے جواب پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری مانگ 50 فیصد کے اند ر موجود دیگر پسماندہ طبقات کے 21 فیصد ریزرویشن میں ہی پانچ فیصد دینے کی رہے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ریزرویشن کے حق میں گوجروں کی طرف سے دوبارہ احتجاج کرکے ریل پٹری جام کر دینے کے بعد ریاستی سرکار نے اسمبلی میں راجستھان پسماندہ طبقات ترمیمی ایکٹ ۔ 2019 کو منظور کرکے اسکے تحت گوجر سمیت گاڑیا لوہار ،بنجارہ ، ریباری اور رایکا پانچ ذاتوں کو ایم بی سی میں پانچ فیصد خصوصی ریزرویشن دینے کا التزام کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔