اہم خبریں: اکھلیش کے خلاف معاملہ درج، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام
سیفئی میں اکھلیش یادو کے خلاف معاملہ درج، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام
سیفئی پولیس اسٹیشن میں سماجوادی پارٹی لیڈر اکھلیش یادو کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے سیفئی کے ایس ڈی ایم کے حوالے سے یہ خبر دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ معاملہ 20 فروری کو درج کیا گیا۔
پرینکا گاندھی نے کمزور کی یوگی حکومت کی جڑیں، تبدیلی یقینی... سچن پائلٹ
بارہ بنکی: کانگریس کے سینئر لیڈر و راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے کہا ہے کہ مہنگائی۔ بے روزگاری اور بدعنوانی کی مار جھیل رہے اترپردیش میں تبدیلی آنا یقینی ہے۔ 32 سالوں سےعوام سبھی پارٹیوں کو دیکھ چکے ہیں اور اب کانگریس کو موقع دینا چاہتے ہیں۔ زید پور اسمبلی سیٹ سے پارٹی کے امیدوار تنج پنیا کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سچن پائلٹ نے کہا کہ یوگی حکومت کی بنیاد ہل چکی ہے جس کو کمزور کرنے کا کام پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کیا ہے۔ گزشتہ تین سالوں میں ہاتھرس، اناؤ، لکھیم پور اور جہاں جہاں مظالم۔ ہراسانی کے واقعات پیش آئے ہیں اس جگہ پر وہ سب سے پہلے پہنچی اور عوام کی آواز کو اٹھایا ہے۔ اس سے ریاست کی حکومت ہل گئی ہے۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا وقت کانگریس کا ہوگا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سچن پائلٹ نے کہا کہ اترپردیش کے اندر تبدیل یقینی ہے۔ کانگریس کی کارکردگی بہتر ہونے والی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی پر حکومت کنٹرول نہیں حاصل کر پا رہی ہے۔ ریاست کے عوام اب کانگریس کو موقع دینا چاہ رہے ہیں۔
مودی ’احساس برتری‘ کے ساتھ منی پور میں آتے ہیں، میں سیکھنے آتا ہوں... راہل گاندھی
امپھال: کانگریس رہنما راہل گاندھی نے پیر کو وزیراعظم نریندر مودی سمیت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے رہنماؤں پر الزام لگایا کہ وہ منی پور کے عوام کے تئیں احترام اور سمجھ کے ساتھ نہیں بلکہ احساس برتری لے کر یہاں آتے ہیں۔
رہل گاندھی نے یہاں ہپتا کانگجی بنگ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کے برعکس وہ پوری عاجزی کے ساتھ ریاست کی تاریخ، ثقافت، زبان اور روایات کو سمجھنے اور سیکھنے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہی ہمارے درمیان کا فرق ہے۔‘‘ انہوں نے زور دیا کہ اگر کانگریس منی پور میں اقتدار میں آتی ہے تو ریاست کی تاریخ، ثقافت، زبان اور روایات کا تحفظ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس کے پاس منی پور کے حالات بہتر کرنے کا حل ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ریاست کی ثقافت ملک کے دیگر حصوں میں پھیلے، وہیں ریاست کے لوگوں کو بھی دوسروں کی سیکھ لینی چاہئے۔
کولکتہ میں گھنا کہرہ، ریل اور ہوائی خدمات متاثر
کولکتہ: کولکتہ میں پیر کو گھنے کہرے کی وجہ سے دم دم ہوائی اڈے پر ہوائی خدمات اور سیالدہ اور ہوڑہ ریلوے اسٹیشنوں پر ریل خدمات پانچ گھنٹے سے زیادہ وقت تک متاثر رہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کہرے کے سبب نیتا جی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آمد و روانگی کی پروازیں تقریباً چار گھنٹے تک معطل رہیں۔ اضافی فلڈ لائٹس کے ساتھ پروازیں چلانے کی کوششیں بھی کی گئیں، لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ آج فلائٹ شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے، لیکن ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے مسافروں کی حفاظت کو ترجیح دی ہے۔ دوسری جانب سیالدہ اور ہوڑہ اسٹیشنوں پر ایسٹرن ریلوے اور ساؤتھ ایسٹرن ریلوے کی ٹرین خدمات بھی متاثر ہوئیں جس کی وجہ سے دونوں لمبی دوری کی اپ ڈاؤن ٹرینیں چلیں اور تاخیر سے پہنچیں۔ ذرائع کے مطابق گھنے کہرے اور دھند کے باعث حد نگاہ 50 میٹر سے کم رہی۔ اس دوران درجہ حرارت 17 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
آندھرا پردیش کے وزیر گوتم ریڈی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے
حیدرآباد: آندھراپردیش کے وزیر صنعت ایم گوتم ریڈی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔ وہ سینہ میں درد کی وجہ سے گھر میں گرپڑے جس کے بعد ان کے ارکان خاندان ان کو فوری طور پر شہرحیدرآباد کے جوبلی ہلز میں واقع اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹرس نے ان کو مردہ قرار دیا۔ گوتم ریڈی، نیلور ضلع کے آتماکور حلقہ سے اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے تھے اور وہ جگن کابینہ میں وزیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ گوتم ریڈی نے گزشتہ ہفتہ دبئی کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے دبئی ایکسپو میں شرکت کی تھی اور حیدرآباد واپس آ گئے تھے۔ ان کی عمر 48 برس تھی۔ وہ 2014 اور پھر 2019 میں ہوئے انتخابات میں حلقہ نیلور سے منتخب ہوئے تھے۔ گزشتہ ماہ کی 22 تاریخ کو وہ کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔ ان میں اس مرض کی ہلکی علامات تھیں تاہم بعد ازاں وہ روبہ صحت ہوگئے تھے۔
کیرالہ میں دو سال بعد اسکول دوبارہ کھل گئے
ترواننت پورم: کیرالہ کے اسکول جو کورونا وائرس وبائی امراض کی وجہ سے دو سال سے بند تھے، پیر کو دوبارہ کھل گئے اور ریاست کے کم از کم 47 لاکھ طلباء تعلیم کے لیے اپنے اپنے اسکولوں میں پہنچ گئے۔ ریاست میں پہلی جماعت سے لے کر دسویں جماعت تک کے تقریباً 38 لاکھ طلباء، ہائر سکنڈری کلاس کے 7.5 لاکھ طلباء اور ووکیشنل ہائر سیکنڈری کے 60,000 طلباء شامل ہیں۔ جبکہ تقریباً 1.91 لاکھ اساتذہ، 22,000 غیر تدریسی عملہ بھی مکمل طور پر فعال تعلیمی اداروں میں حاضر ہوئے۔ ریاستی جنرل ایجوکیشن منسٹر وی شیون کٹی کے مطابق اسکول کووڈ پروٹوکول کے مطابق کام کریں گے اور طلباء اسکولوں کے افتتاح سے پہلے ایک میگا صفائی اور جراثیم کش مہم چلائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔