اہم خبریں: فیکٹری میں حادثہ، ایک مزدور ہلاک، چار زخمی
فیکٹری میں حادثہ، ایک مزدور ہلاک، چار زخمی
پوربندر: گجرات کے پوربندر کے علاقے کملا باغ میں واقع ایک فیکٹری میں ہوئے بدھ کو ایک حادثے میں ایک مزدور ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ سوراشٹر کیمیکل ڈویژن آف نرما لمٹیڈ سوڈا ایس بنانے والی فیکٹری میں آج دوپہرلائن اسٹون ہوپر کا اسٹوریج بنکر آج اچانک گر گیا، جس سے ایک مزدور ہلاک اور چار دیگر مزدور زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ متوفی کی شناخت ہیرن کے طور پر ہوئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے واقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی شروع کر دی۔
مرکزی حکومت سی بی آئی، انکم ٹیکس، ای ڈی جیسے ادروں کا غلط استعمال کر رہی ہے... شردپوار
این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے ممبئی میں کہا کہ مرکزی حکومت اپنی سیاست کے لیے سی بی آئی، انکم ٹیکس، ای ڈی، این سی بی جیسے کچھ اداروں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
این سی بی نے آرین معاملے میں اپنا جواب داخل کیا
ممبئی: نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے کروزڈرگس معاملے میں بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان اور سات دیگر کی ضمانت عرضی پر سماعت کرکے عدالت میں اپنا جواب داخل کیا ہے این سی بی نے تین اکتوبر کو اس جہاز پر چھاپا مارکر اس سلسلے میں کئی لوگوں کو گرفتار کیا تھا، اس معاملے میں عدالت میں بحث تقریباً تین بجے دوبارہ شروع ہوگی اور سینئر وکیل امت دیسائی، ستیش مانے شندے اور دیگر وکیل آراین خان کی پیروی کریں گے۔ اس درمیان شاہ رخ کی مینیجر پوجا ددلانی نے کورٹ میں عرضی داخل کرکے درخواست کی ہے کہ آرین کے نمائندے کے طور پر انہیں سماعت کے لئے اندر جانے دیا جائے۔ درخواست پر سماعت سے قبل عدالت اس سلسلے میں حکم جاری کرے گی۔
اسپین میں آتش فشاں پھٹنے سے سینکڑوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل
میڈرڈ: ہسپانوی جزیرے لا پالما جزیرے پر آتش فشاں پھٹنے کی وجہ سے متاثرہ علاقے سے تقریباً 700 سے 800 افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ مقامی ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ نے یہ اطلاع دی ہے۔ اس سے قبل جزیرے پر آتش فشاں پھٹنے کی وجہ سے تقریباً 6 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ آتش فشاں سے نکلنے والے لاوا سے تقریباً 1281 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ وہ بدھ کو لا پالما کا ایک اور دورہ کریں گے۔ یہ تین ہفتوں میں لا پالما کا ان کا چوتھا دورہ ہوگا۔
فرانس میں ٹرین کی ٹکر سے 3 تارکین وطن ہلاک
پیرس: فرانس میں ایک ٹرین کی ٹکر سے 3 تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس کے جنوب مغربی علاقے میں ٹرین کی ٹکر سے 3 تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سینٹ جین ڈی لوز کے علاقے میں ٹرین گزرنے کے وقت پٹری پر 4 تارکین وطن لیٹے تھے، ٹرین کی ٹکر سے 3 تارکین وطن موقع پر ہی ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 2 تارکین وطن الجزائر کے شہری ہیں جبکہ باقی 2 کی قومیت معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس کے مطابق ان افراد کے پٹری پر لیٹنے کی وجہ ابھی واضح نہیں ہوئی۔ خیال رہے دو روز قبل فرانس میں تارکین وطن کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک کے بارے میں رپورٹ منظر عام آئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔