اہم خبریں: آسام میں مسلم کمیونٹی کا مذہب تو ایک ہے لیکن ثقافت اور اصل کے 2 مختلف حصے ہیں، ہیمنت بسوا سرما

ہیمنت بسوا سرما
ہیمنت بسوا سرما
user

قومی آواز بیورو

30 Apr 2022, 8:17 PM

آسام میں مسلم کمیونٹی کا مذہب تو ایک ہے لیکن ثقافت اور اصل کے 2 مختلف حصے ہیں، ہیمنت بسوا سرما

آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے کہا کہ آسام میں مسلم کمیونٹی کا مذہب تو ایک ہے لیکن ثقافت اور اصل کے دو الگ الگ حصے ہیں۔ ان میں سے ایک آسام کا مقامی ہے اور اس کی گزشتہ 200 سالوں میں ہجرت کی کوئی تاریخ نہیں ہے۔ وہ طبقہ چاہتا ہے کہ انہیں ہجرت کرنے والے مسلمانوں کے ساتھ نہ ملایا جائے اور انہیں الگ شناخت دی جائے۔‘‘

30 Apr 2022, 6:11 PM

ہنومان چالیسہ تنازعہ، نونیت اور روی رانا کی درخواست ضمانت پر عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھا

ماتوشری کے باہر ہنومان چالیسہ پڑھنے کے اعلان کے بعد پیدا ہونے والے تنازعہ معاملہ میں گرفتار رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور رکن اسمبلی روی رانا کی درخواست ضمانت پر آج ممبئی کی سیشن عدالت نے سماعت کی۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ رکھا ہے۔ عدالت کی جانب سے فیصلہ 2 مئی کو کیا جائے گا۔

30 Apr 2022, 1:58 PM

شمالی ویسٹ بینک میں جھڑپ، فلسطینی شہری ہلاک

رام اللہ: فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ویسٹ بینک کے شہر قلقیلیہ کے قریب جمعہ کی دیر شب اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں ایک 27 سالہ فلسطینی شہری ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔ وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ شمالی ویسٹ بینک کے شہر قلقیلیہ کے ازون گاوں میں یحییٰ اوڈوان نامی شخص کی موت ہوگئی۔ اسرائیلی حکام نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ تاہم اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اوڈوان ایک سابق قیدی تھا جو حال ہی میں جیل سے رہا ہوا تھا اور علاقے میں اسرائیلی فوجیوں پر حملے میں ملوث تھا۔ اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ اوڈوان کی موت ویسٹ بینک میں اسرائیلی علاقے کے قریب فلسطینی بندوق برداروں کی گولی لگنے سے ہوئی۔


30 Apr 2022, 12:30 PM

بہار میں بھاگلپور کے سلطان گنج میں کل رات ایک زیر تعمیر پل کا ایک حصہ منہدم

بھاگلپور: بھاگلپور کے سلطان گنج میں کل رات ایک زیر تعمیر پل کا ایک حصہ منہدم ہوگیا ہے، سلطان گنج سے جے ڈی (یو) کے ایم ایل اے للت نارائن منڈل نے کہا کہ "وزیر اعلیٰ کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کرائی جائے گی۔ قصورواروں کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔ اس پل کی تعمیر میں معیاری کام نہیں کیا گیا۔"

30 Apr 2022, 11:31 AM

مہاراشٹر میں کورونا کے 148 نئے معاملے، 2 کی موت

اورنگ آباد/ممبئی: مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 148 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور دو لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ اس کے بعد ریاست میں انفیکشن کے کل معاملات کی تعداد بڑھ کر 78,77,577 ہو گئی ہے، جب کہ اموات کا اعدادوشمار بڑھ کر 147842 ہو گئے ہیں۔ اس دوران 128 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا۔ ریاست میں اب تک 77,28,756 افراد اس وبا کو شکست دے چکے ہیں۔ ریاست کی صحت یابی کی شرح 98.11 فیصد اور شرح اموات 1.87 فیصد ہوگئی ہے۔ اس وقت ریاست میں کورونا کے 979 ایکٹیو کیسز ہیں۔


30 Apr 2022, 10:07 AM

نائیجیریا میں سڑک حادثہ، سات افراد ہلاک، پانچ زخمی

لاگوس: نائیجیریا کی جنوب مغربی ریاست اوگن میں ایک سڑک حادثے میں سات افراد ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ اوگن میں فیڈرل روڈ سیفٹی کارپس (ایف آر ایس سی) کے علاقائی کمانڈر احمد عمر نے صحافیوں کو بتایا کہ جمعہ کو ایک بس ڈرائیور نے اپنی گاڑی سے کنٹرول کھو دیا جس کے بعد بس ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ انہوں نے کہا کہ "حادثے میں پانچ مرد زخمی ہوگئے، جب کہ چھ مردوں اور ایک عورت کی موت ہوگئی۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے"۔ انہوں نے گاڑی چلانے والوں کو خبردار کیا کہ وہ زیادہ رفتار یا لاپرواہی سے گاڑی نہ چلائیں تاکہ جان و مال کے غیر ضروری نقصان سے بچا جا سکے۔

30 Apr 2022, 8:26 AM

پٹیالہ میں تشدد کے بعد کشیدگی برقرار، آج ہندو تنظیم کی جانب سے بند کا اعلان

پنجاب کے پٹیالہ میں شیو سینا ہندوستان اور خالصتان حامیوں کے درمیان تشدد کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔ شیو سینا ہندوستان نامی ہندو تنظیم نے تشدد کے دوران کالی مندر پر حملے کے خلاف آج پٹیالہ میں بند کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم کے صدر پون گپتا نے کہا کہ کالی مندر کا مارچ سے کوئی تعلق نہیں تھا، لیکن پھر بھی خالصتان کے حامیوں نے مندر پر حملہ کیا اور بے حرمتی کی۔ گپتا آج کارکنوں کے ساتھ خالصتان حامیوں کی گرفتاری کے مطالبہ کو لے کر احتجاج کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔