اہم خبریں: ہم باغی نہیں ہیں، ہم شیو سینا ہیں، ایکناتھ شندے
ہم باغی نہیں ہیں، ہم شیو سینا ہیں، ایکناتھ شندے
گوہاٹی ایئرپورٹ پر ایکناتھ شندے نے کہا ’’ہم باغی نہیں ہیں۔ ہم شیو سینا ہیں۔ ہم بالا صاحب ٹھاکرے کی شیو سینا کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ہم ہندوتوا کے نظریہ اور ریاست کی ترقی پر توجہ دیں گے۔‘‘
فلور ٹیسٹ کے خلاف شیو سینا کی عرضی، سپریم کورٹ میں سماعت شروع
سپریم کورٹ نے شیوسینا کے چیف وہپ سنیل پربھو کی طرف سے دائر عرضی پر سماعت شروع کر دی ہے۔ عرضی میں مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو 30 جون کو ایوان کے فلور پر اپنی اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت کو چیلنج کیا گیا ہے۔
فتح پور میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 لوگوں کی موت
فتح پور: اترپردیش کے ضلع فتح پور میں بدھ کو تیز بارش کی درمیان بجلی گرنے سے تین افراد کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں ایک طالبہ بھی شامل ہے جو اسکول جا رہی تھی۔ ایس پی راجیش کمار سنگھ نے بتایا کہ غازی پور تھانہ علاقے کے بڑا گاؤں مچھریا باشندہ رام چندر کی بیٹی پرینکا (10) اسکول پڑھنے جا رہی تھی کہ راستے میں بجلی گرنے سے اس کی موت ہوگئی۔ اسی گاؤں باشندہ شیودت (26) کھیت میں کام کر رہا تھا کہ بجلی گرنے سے اس کی بھی موت ہوگئی۔ ایک دیگر حادثے میں نرسولی باشندہ کسان دھرم راج اپنے مویشیوں کو کھیت میں چرانے کے لئے جا رہا تھا کہ آسمانی بجلی گری اور وہ اس کی زد میں آگیا جس سے اس کی موت ہوگئی۔ ڈی ایم اپوروا دوبے نے بتایا کہ ایس ڈی ایم کی قیادت میں ٹیم بھیجی گئی ہے جس سے اہل خانہ کو مالی مددمل سکے۔
نیوزی لینڈ میں کورونا کے 7,829 نئے معاملے
ویلنگٹن: نیوزی لینڈ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مقامی طور پر کورونا وائرس کے انفیکشن کے 7,829 نئے کیسز اور 15 نئی اموات کی اطلاع ملی ہے۔ وزارت صحت نے بدھ کو ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ زیادہ تر نئے کیسز ملک کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ سے رپورٹ ہوئے ہیں، جن کی تعداد 2,519 ہے۔ اس کے علاوہ ملک کی سرحد سے بھی 100 نئے کیسز کی نشاندہی ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ میں اس وقت 395 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے آٹھ آئی سی یو میں ہیں۔ نیوزی لینڈ میں وبا کے آغاز سے اب تک 1,323,280 کورونا انفیکشن کی تصدیق ہو چکی ہے۔
کیرالہ کے وزیر اعلیٰ وجین نے کی ادے پور قتل کیس کی مذمت
تروننت پورم: کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے راجستھان کے ادے پور میں منگل کو دن دیہاڑے درزی کنہیا لال ساہو کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ٹوئٹ کرکے اس وحشیانہ قتل عام کی شدید مذمت کی ہے اور متعلقہ حکام سے اس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’اس طرح کی گھناؤنی حرکتیں ہماری پرامن زندگی کو متاثر کرتی ہیں۔ سب سے اپیل ہے کہ امن قائم رکھیں اور قانون کو اپنا کام کرنے دیں۔‘‘
ادے پور میں بے رحمانہ قتل، ریاست میں 24 گھنٹے کے لیے انٹرنیٹ سروس پر پابندی، دفعہ 144 نافذ
راجستھان کے ادے پور میں درزی کے بہیمانہ قتل کے بعد حکومت نے سخت کارروائی کی ہے۔ امن و امان کو مدنظر رکھتے ہوئے پورے ادے پور میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست بھر میں انٹرنیٹ خدمات 24 گھنٹے کے لیے معطل کر دی گئی ہیں اور اگلے ایک ماہ کے لیے تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ادھر کنہیا لال کا پوسٹ مارٹ آج کیا جائے گا۔
منگل کو ادے پور میں ایک درزی کو سوشل میڈیا پر بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کی مبینہ حمایت کرنے پر قتل کر دیا گیا تھا۔ دونوں حملہ آوروں نے اس واقعے کو کیمرے میں بھی ریکارڈ کیا۔ ایک اور ویڈیو پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے اسلام کی توہین کا بدلہ لیا ہے۔ بعد میں انہیں پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔