اہم خبریں: ہندوستان تمام مذاہب کا ملک ہے، کوئی اسے توڑنے کی کوشش نہ کرے، وزیر داخلہ مہاراشٹر دلیپ پاٹل

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

14 Apr 2022, 10:03 PM

ہندوستان تمام مذاہب کا ملک ہے، کوئی اسے توڑنے کی کوشش نہ کرے، وزیر داخلہ مہاراشٹر دلیپ پاٹل

مہاراشٹر کے وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل نے کہا، ’’ہندوستان تمام مذاہب کا ملک ہے۔ کسی کو تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ ہندوستان متحد ہے اور یہ متحد رہے گا۔ کوئی بھی اسے توڑنے کی کوشش نہ کرے۔‘‘

14 Apr 2022, 8:20 PM

ایک دوسرے کے ہوئے رنبیر سنگھ اور عالیہ بھٹ، ممبئی میں رچائی شادی

معروف اداکار رنبیر سنگھ اور اداکارہ عالیہ بھٹ شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ ان کی شادی کی رسومات ممبئی میں ادا کی گئیں۔

14 Apr 2022, 6:32 PM

دہلی کے جامعہ علاقہ میں سلنڈر کا دھماکہ، 13 افراد زخمی

ساؤتھ دہلی کے جامعہ علاقہ میں واقع ایک ریستران میں سلنڈر کا دھماکہ ہوا ہے، جس میں 13 افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ فائر بریگیڈ کو فوی طور پر موقع کے لئے روانہ کیا گیا۔ تمام زخمیوں کو ہولی فیملی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق کھانے کے ایک ریستران کے اے سی میں دھماکہ ہوا ہے۔


14 Apr 2022, 5:34 PM

میں بچپن سے ہی ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا بڑا 'بھکت' ہوں، کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا، ’’میں بچپن سے ہی ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا بڑا 'بھکت' ہوں۔ میں نے ان کی زندگی اور خیالات کے بارے میں کئی بار پڑھا ہے۔ ہم نے اسکولوں میں بابا صاحب کی تعلیم کو لازمی کر دیا ہے۔ میں نے عزم کیا ہے کہ بابا صاحب کا پیغام ہر گھر تک پہنچایا جائے۔‘‘

14 Apr 2022, 3:20 PM

راجستھان: کرولی ضلع کلکٹر کی منتقلی کا حکم صادر

راجستھان کے کرولی میں گزشتہ دنوں پیش آئے تشدد کے بعد انتظامیہ کے ذریعہ بڑے رد و بدل کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ راجستھان حکومت نے 13 اپریل کو اعلان کیے گئے 69 آئی اے ایس افسران کی منتقلی کے درمیان کرولی ضلع کلکٹر کی منتقلی کا حکم بھی صادر کر دیا ہے۔


14 Apr 2022, 11:51 AM

کولگام میں نوجوان کی پراسرار حالت میں موت واقع

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے کٹرا سو علاقے میں جمعرات کی صبح ایک 19 سالہ نوجوان کو پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے کٹراسو علاقے میں ایک نوجوان بدھ کو اپنی گاڑی نمبر JK05D-7923 کو مقامی ندی پر دھونے کے لئے گیا تھا لیکن وہ واپس نہیں لوٹا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ نوجوان کی لاش جمعرات کی صبح ندی کے کنارے پر پائی گئی۔ متوفی کی شناخت مرتضیٰ رنگریز ولد شاہین احمد ساکن بونہ گام کولگام کے بطور کی گئی ہے۔ دریں اثنا پولیس نے جائے موقع پر پہنچ کر لاش کو طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے لئے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

14 Apr 2022, 10:15 AM

صیہونی فورسز کی فلسطین میں ظلم و بربریت جاری، 34 سالہ نوجوان شہید

نابلس: صیہونی فورسزکی جانب سے فلسطین میں ظلم و بربریت کا سلسلہ تھم نہیں رہا ہے اور کل ایک اور 34 سالہ فلسطینی نوجوان کو سینے میں گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔ صیہونی فوج نے نابلس شہر میں آج ایک اور فلسطینی شہری کی جان لے لی۔ غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 34 سالہ جوان کی شناخت محمد حسن کے نام سے ہوئی ہے جسے سینے پر گولی مار کر شہید کیا گیا۔ صیہونی فورسز کی جانب سے نام نہاد آپریشن کا سلسلہ پانچ روز سے جاری ہے۔


14 Apr 2022, 8:16 AM

عوام پر ایک بار پھر پھوٹا مہنگائی کا بم! پی این جی کے بعد سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ

ملک کے عوام پر ایک بار پھر مہنگائی کا بم پھٹا ہے۔ دہلی میں پی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے 12 گھنٹے کے اندر ہی سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ سی این جی کی قیمتوں میں ڈھائی روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے بعد دہلی میں ایک کلو سی این جی کی قیمت 71.61 روپے ہو گئی ہے۔

گزشتہ چند دنوں میں سی این جی کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے جمعرات کو بھی سی این جی کی قیمت میں ڈھائی روپے فی کلو اضافہ ہوا تھا۔ دو ہفتوں میں سی این جی کی قیمت میں 11 روپے 60 پیسے کا اضافہ ہو چکا ہے۔ نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں سی این جی کی تازہ ترین قیمت 74.17 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ مظفر نگر، میرٹھ اور شاملی میں سی این جی 78.84 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔