اہم خبریں: شاہین باغ مظاہرہ میں ’آر اے ایف‘ کی تعیناتی کو دہلی پولس نے بتایا ’روٹین‘
شاہین باغ مظاہرہ کے مقام پر ریپڈ ایکشن فورس تعینات کو دہلی پولس نے بتایا ’روٹین سیکورٹی میزر‘
دہلی پولس نے شاہین باغ میں چل رہے شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی مخالف مظاہرے کے قریب ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) تعینات کیے جانے پر اپنا رد عمل میڈیا کے سامنے ظاہر کیا ہے۔ دہلی پولس کا کہنا ہے کہ ریپڈ ایکشن فورس کی شاہین باغ میں تعیناتی سیکورٹی نظام کے پیش نظر روٹین کارروائی کا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ شاہین باغ میں اتوار کے روز کپل گوجر نامی ایک نوجوان نے فائرنگ کر دی تھی جس کے بعد سیکورٹی کو لے کر کئی طرح کے سوالات اٹھنے لگے تھے۔ اس واقعہ کے بعد بھی بڑی تعداد میں خواتین شاہین باغ میں بیٹھی ہوئی ہیں اور غیر معینہ مدت کا ان کا ہڑتال جاری ہے۔
کیجریوال دہشت گرد ہیں تو بی جے پی انھیں گرفتار کرے: سنجے سنگھ
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرویش ورما نے جب سے ’دہشت گرد‘ بتایا ہے، ان کے اس بیان پر ہنگامہ جاری ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے آج باضابطہ ایک پریس کانفرنس کر کے کیجریوال کو دہشت گرد بتائے جانے کو صحیح ٹھہرایا اور یہ بھی کہہ دیا کہ ان کے پاس ثبوت موجود ہیں۔ اب جاوڈیکر کے بیان پر عآپ نے جوابی حملہ کیا ہے۔ پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے بی جے پی کو چیلنج کیا ہے کہ اگر اروند کیجریوال دہشت گرد ہیں تو بی جے پی انھیں گرفتار کرے۔
سنجے سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’یہ سب ہمارے ملک کی راجدھانی میں ہو رہا ہے جہاں مرکزی حکومت بیٹھتی ہے اور الیکشن موجود ہے۔ ایک مرکزی وزیر کو اس طرح کے بیان دینے کی اجازت کیسے مل سکتی ہے۔ اگر اروند کیجریوال دہشت گرد ہیں تو میں بی جے پی کو چیلنج کرتا ہوں کہ انھیں گرفتار کرے۔‘‘
شاہین باغ میں شہریت قانون کے خلاف ہو رہے مظاہرہ کی جگہ پر ’ریپڈ ایکشن فورس‘ تعینات
دہلی کے شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی و این پی آر کے خلاف خواتین کا غیر معینہ مدت کا دھرنا و مظاہرہ جاری ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق شاہین باغ میں جس جگہ پر مظاہرہ ہو رہا ہے وہاں ریپڈ ایکشن فورس تعینات کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ہفتہ کے روز مظاہرہ میں کپل گوجر نامی شرپسند نوجوان نے فائرنگ کر دی تھی جس کے بعد وہاں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا تھا۔ لیکن اس فائرنگ واقعہ میں کسی کو کویئ نقصان نہیں پہنچا تھا اور پولس اسے گرفتار کر کے تھانہ لے گئی تھی۔ اس واقعہ کے بعد سے وہاں سیکورٹی کو لے کر سوال اٹھنے لگے تھے۔
جامعہ-شاہین باغ مظاہرہ اتفاق نہیں، ایک تجربہ ہے، پی ایم مودی نے لگایا الزام
دہلی کے کڑکڑڈوما علاقے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم نریندر مودی نے جامعہ اور شاہین باغ مظاہروں پر ایک بڑا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’چاہے سیلم پور ہو، یا جامعہ ہو، یا شاہین باغ ہو، ان سب جگہوں پر شہریت ترمیمی قانون کو لے کر گزشتہ کئی دنوں سے احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ کیا یہ صرف ایک اتفاق ہے؟ نہیں، یہ ایک تجربہ ہے۔ اس کے پیچھے ایک سیاسی ڈیزائن ہے جس کا منصوبہ ملک میں خیر سگالی ختم کرنے کا ہے۔‘‘
پہلے نعرہ لگوایا ’گولی مارو‘، اب کہہ رہے ہیں ’’جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں‘‘
ایک انتخابی تشہیر میں ’دیش کے غداروں کو، گولی مارو ... کو‘ نعرہ لگوانے والے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے ایک نیا بیان دیا ہے جس میں وہ ’یو ٹرن‘ لیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ دراصل میڈیا سے بات چیت کے دوران انھوں نے کہا کہ ’’جمہوریت میں تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ووٹ کا استعمال صحیح طرح سے کریں اور بلیٹ پر بیلٹ بھاری پڑے ایسا ہونا چاہیے۔‘‘
بی جے پی لیڈران ملک میں نفرت پھیلانے کا کام کر رہے ہیں: گورو گگوئی
لوک سبھا میں صدر جمہوریہ کی تقریر پر بحث کے دوران کانگریس لیڈر گورو گگوئی نے بی جے پی لیڈروں اور اس کے وزراء کے ذریعہ دیے جا رہے قابل اعتراض اور متنازعہ بیانات کے ایشو کو اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی اور اس کے لیڈروں نے لوگوں میں نفرت پھیلانے کا کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے پوچھا کہ بی جے پی اور اس کے لیڈر نفرت پھیلا کر کیا بتانا چاہتے ہیں؟ گگوئی نے کہا کہ آج لوگ سڑکوں پر ہیں، آئین کی بنیادی جذبہ کو بچانے کی بات کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم ایسے لوگوں کے ساتھ ہیں۔ گگوئی نے کہا کہ اگر ملک اور آئین کا حقیقی جذبہ ہی نہیں بچے گا تو ترقی کے کیا معنی رہ جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ انتخاب آتے اور جاتے رہتے ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ انتخاب جیتنے کے لیے ہم کچھ بھی کہیں اور کچھ بھی کریں۔
طالبہ عصمت دری معاملہ میں بی جے پی لیڈر سوامی چنمیانند کو ملی ضمانت
الٰہ آباد ہائی کورٹ نے لاء کی طالبہ سے مبینہ عصمت دری معاملہ میں سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر سوامی چنمیانند کو ضمانت دے دی ہے۔
مہاتما گاندھی سے متعلق متنازعہ بیان دینے پر اننت ہیگڑے سے بی جے پی ناخوش!
خبر رساں ادارہ اے این آئی نے خصوصی ذرائع سے موصول ہوئی خبر میں بتایا ہے کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ اننت ہیگڑے کے ذریعہ مہاتما گاندھی پر دیے گئے بیان سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت ناخوش ہے۔ ہیگڑے کو اس سلسلے میں بلاشرط معافی مانگنے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔
نرملا سیتا رمن کے بیان پر راہل بولے، وزیر خزانہ جی میرے سوالات سے مت ڈریئے
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا، ’’وزیر خزانہ جی، میرے سوالات سے مت ڈریئے، میں یہ سوال ملک کے نوجوانوں کی جانب سے پوچھ رہا ہوں، جنہیں جواب دینا آپ کی ذمہ داری ہے، ملک کے نوجوانوں کو روزگار کی ضرورت ہے اور آپ کی حکومت انہیں روزگار دینے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے‘‘۔
دراصل ایک اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ روزگار کے اعداد و شمار ہماری جانب سے اس لئے نہیں بتائے گئے، کیونکہ راہل گاندھی پھر پوچھیں گے کہ ایک کروڑ روزگار کا کیا ہوا؟ راہل گاندھی نے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے اسی معاملے پر ٹوئٹ کیا ہے۔
ادھیر رنجن چودھری بولے، گولی سے لوگوں کی بولی بند کر رہی مودی حکومت
ملک کے مختلف حصوں میں سی اے اے، این پی آر اور این آر سی کے خلاف ہو رہے مظاہرہ کو لے کر کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے لوک سبھا میں مدا اٹھایا، انہوں نے کہا کہ یہ حکومت گولی سے عام لوگوں کی بولی بند نہیں کرا سکتی ہے، یہ جعلی ہندو ہیں، اصلی نہیں ہیں۔ یہ حکومت لوگوں کے ساتھ بربریت کر رہی ہے، وہیں، اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا کہ جامعہ کے بچوں پر مودی حکومت ظلم کر رہی ہے، ہنگامے کے چلتے لوک سبھا کی کارروائی دوپہر 1.30 بجے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی ہے۔
چین میں زلزلے کے جھٹکے کے بعد ایمرجنسی پر عمل شروع
دینگدو: جنوبی مغربی چین کے سچوان صوبے میں درمیانے درجے کے زلزلے کے بعد صوبائی دارالحکومت چینگدو کے کنگبئیاں ضلع میں ہنگامی صورت حال کے محکمے نے تیسری سطح کی ایمرجنسی پر عمل شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت چینگدو میں اتوار کی رات مقامی وقت کے مطابق رات نوبجے ریختر پیمانے پر 5.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں کے بعد کنگبئی ژیانگ ضلع میں ایمرجنسی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔
زلزلے سے متاثرعلاقے کی سمت کل 150 بچاؤ اہلکار اور 34 گاڑیوں کو بھیجا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے یا عمارتوں کو نقصان ہونے کی کوئی رپورٹ درج نہیں کی گئی ہے۔ جنٹانگ کاؤنٹی کے مقامی وقت کے مطابق جھانگ شن نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے 10 سیکنڈ سے بھی زیادہ وقت تک محسوس کیے گئے اور کافی دیر تک ان کا بیڈ تیزی سے ہلتا رہا۔
زلزلے کے مرکز سے 38 کلومیٹر دور چینگدو کے شہری علاقوں میں بھی زلزلے کے زوردار جھٹکے محسوس کیےگئے۔ جنٹانگ کاؤنٹی کے دیگر رہائشیوں نے کہا، ’’جب زلزلہ آیا اور میں بری طرح سے ہل گیا اور سب سے پہلے اپنے بچے کو بچانے کے لئے اٹھا۔‘‘ مقامی رہائشی نے کہا کہ زلزلے کے بعد کئی لوگ ماسک پہنے اپنے گھروں سے باہر نکلے۔ چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز 30.74 ڈگری شمالی عرض البلد اور 104.46 ڈگری مشرقی طول البلد پر زمینی سطح سے 21 کلومیٹر کی گہرائی پر واقع تھا۔
شہریت ترمیمی قانون کو لے کر راجیہ سبھا میں غلام نبی آزاد اور آنند شرما نے پیش کیا تحریک التوا
شہریت ترمیمی قانون، این پی آر اور این آر سی پر بحث کے لئے راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد اور کانگریس ایم پی آنند شرما نے قواعد 267 کے تحت تحریک التوا پیش کیا ہے، اپوزیشن کا کہنا ہے کہ شہریت ترمیمی قانون پر پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث نہیں ہوئی ہے، سی پی ايم اور سی پی آئی نے بھی راجیہ سبھا میں اسے لے کر تحریک التوا کا نوٹس دیا۔
چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 361 پہنچی
بیجنگ: چین میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 افراد کی موت ہوگئی اور اس کے ساتھ ہی یہاں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 361 ہو گئی ہے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے یہ معلومات دی ہے۔ کمیشن کی طرف سے جاری کیے گئے نئے اعداد و شمار کے مطابق 2103 مزید لوگوں میں کورونا وائرس پایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی چین میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 17205 ہو گئی ہے، جبکہ 21558 مشتبہ مریضوں کی طبی جانچ کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کا پہلا معاملہ گزشتہ سال دسمبر کے آخر میں چین کے صوبہ ووہان میں سامنے آیا تھا۔ اس وقت سے یہ وائرس 20 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔