حیدرآباد میں ہریانہ کی میڈیکل طالبہ نے کی خود کشی

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

02 Aug 2021, 2:29 PM

حیدرآباد میں ہریانہ کی میڈیکل طالبہ نے کی خود کشی

حیدرآباد: ذہنی تناو کے سبب حیدرآباد کے جواہر نگر میں واقع آرمی کالج آف ڈینٹل کالج کی بی ڈی ایس سال چہارم کی ہریانہ سے تعلق رکھنے والی طالبہ نے خود کشی کرلی۔ اس لڑکی کی شناخت سنندا کے طور پر کی گئی ہے۔ اس کا باپ، راج ویر سنگھ ہریانہ میں آرمی صوبیدار کے طور پر فرائض انجام دے رہا ہے۔ سنندا، ایم بی بی ایس کی نشست نہ ملنے پر شدید ذہنی تناو کی شکار ہوگئی تھی۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔ اس کے ذہنی تناو کو کم کرنے کے لئے نفسیات کے ماہر کے پاس اس کا علاج کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے مزید کہا کہ دو دن پہلے اس کی ماں نے ویڈیو کال کرتے ہوئے اس سے بات کی تھی اور اس کی شادی کی بات کی تھی جس پر شدید ذہنی تناؤ کا شکار سنندا نے مکان میں پھانسی کا پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔ اس نے یہ انتہائی اقدام اُس وقت کیا جب اس کے مکان میں وہ تنہا تھی۔ اس سلسلہ میں جواہر نگر پولیس نے ایک معاملہ درج کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔

02 Aug 2021, 1:35 PM

برازیل میں مزید 464 کورونا مریضوں کی موت

ریو ڈی جنیرو: برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 20503 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ مزید 464 مریضوں کی موت ہوگئی۔ برازیل کی وزارت صحت کے جاری اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 99 لاکھ 38 ہزار 358 ہو گئی ہے، جبکہ اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد پانچ لاکھ 56 ہزار 834 ہو گئی ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ ملک کورونا وبا کی نئی لہر کا سامنا کر رہا ہے جس کی وجہ سے اسپتالوں کو مریضوں کے علاج و معالجہ میں مشکلات درپیش آرہی ہیں۔ اب تک برازیل میں 14.20 کروڑ سے زائد لوگوں کو کوویڈ ویکسین کی کم از کم ایک خوراک دی جا چکی ہے، جبکہ 414 ملین سے زائد افراد اس کی مکمل خوراک لے چکے ہیں۔ کورونا انفیکشن کے معاملات میں برازیل امریکہ اور ہندوستان کے بعد دنیا میں تیسرے اور کورونا اموات کے لحاظ سے امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

02 Aug 2021, 12:29 PM

روس کے کرلسک میں زلزلے کے جھٹکے

ماسکو: روس میں کرلسک کے جنوب مشرقی علاقے میں پیر کو زلزلے کے درمیانی درجے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے ایجنسی کے مطابق زلزلے کی شدت ریختر پیمانے پر 5.4 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز 44.1322 شمالی عرض البلد اور 148.2984 مشرقی طول البلد و زمینی سطح سے 35 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے کی وجہ سے کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔


02 Aug 2021, 11:13 AM

مراٹھواڑہ میں کورونا کے 376 نئے کیس، چار کی موت

اورنگ آباد: مہاراشٹر کے مراٹھواڑہ خطے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ 19) وبا کے 376 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور چار افراد کی موت ہوچکی ہے۔ صحت کے عہدیداروں نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ تمام ضلعی ہیڈ کوارٹروں سے یو این آئی کی جانب سے جمع کی گئیں تفصیلات کے مطابق، خطے کے آٹھ اضلاع میں سے بیڑ سب سے زیادہ متاثر رہا ہے جہاں 200 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے بعد اورنگ آباد میں 36 کیس رپورٹ ہوئے اور ایک شخص کی موت ہوئی۔ اس دوران پانچ کیس پربھنی میں ایک موت، عثمان آباد میں 83 کیس، لاتور میں 27 کیسز، جالنا میں 24، ہنگولی میں ایک اور ناندیڑ میں اس دوران کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

02 Aug 2021, 10:29 AM

آسٹریلیائی خواتین ٹیم کو شکست دے کر ہندوستان کی خواتین ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی

ٹوکیو: ٹوکیو اولمپک میں ہندوستان کی خواتین ہاکی ٹیم نے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کی خواتین ہاکی ٹیم کو 1-0 سے شکست دے دی۔ اب ہندوستان کی خواتین ہاکی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔


02 Aug 2021, 9:05 AM

سورت میں نابالغ لڑکے کا اغوا

سورت: گجرات میں سورت شہر کے سرتھانہ علاقہ میں ایک نابالغ لڑکے کے اغوا کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے گزشتہ روز بتایا کہ یوگی نگر سوسائٹی کے باشندے ہیرا مزدوری کرنے والے دلیپ بھائی جوگانی (46) نے معاملہ درج کرایا ہے کہ اس کے پندرہ سال کے بیٹے جھیل کو نامعلوم شخص بہلا پھسلا کر اغوا کرکے لے گئے ہیں۔ جھیل آشادیپ اسکول میں گیارہویں کلاس کا طالب علم ہے۔ وہ 30جولائی کو گھر سے اسکول گیا تھا۔ شام تک گھر واپس نہ آنے پر اسے تلاش کیا گیا تو پتہ چلا کہ وہ اسکول نہیں پہنچا تھا اور واپس گھر بھی نہیں آیا، جبھی سے وہ لاپتہ ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔