اہم خبریں: مشہور شاعر منور رانا کے بیٹے تبریز رانا کو یو پی پولیس نے کیا گرفتار

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

25 Aug 2021, 9:32 PM

مشہور شاعر منور رانا کا بیٹا تبریز رانا لکھنؤ سے گرفتار

ایک طرف متنازعہ بیان دینے کے بعد مشہور و معروف شاعر منور رانا کے خلاف دو ریاستوں میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے، اور دوسری طرف اب ان کے بیٹے تبریز کو گرفتار کیے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق اپنے اوپر فائرنگ کروانے کے ایک معاملہ میں تھانہ کوتوالی، رائے بریلی میں درج مقدمہ کرائم نمبر 21/364 سے متعلق ملزم تبریز رانا کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تبریز کو لکھنؤ والے گھر سے گرفتار کیا گیا ہے۔

25 Aug 2021, 7:31 PM

مودی حکومت کا ’متری کرن‘ منصوبہ قومی ملکیت پر حملہ: کانگریس

کانگریس نے آج ایک بار پھر مودی حکومت کے نیشنل مونیٹائزیشن منصوبہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’متری کرن‘ منصوبہ قرار دیا۔ کانگریس نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر کیے گئے ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مودی حکومت کا ’متری کرن‘ منصوبہ قومی ملکیت، روزگار، خزانہ پر حملہ ہے۔ قومی ملکیتوں کو فروخت کر کے ملک کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا جا رہا ہے، نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔‘‘

25 Aug 2021, 6:30 PM

کیرالہ: 24 گھنٹوں میں 31445 نئے کورونا کیسز درج، 215 اموات

کورونا نے ہندوستانی ریاست کیرالہ میں اپنا قہر ڈھا رکھا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں میں حالانکہ حالات کچھ بہتر ہوتے نظر آ رہے تھے، لیکن گزشتہ 24 گھنٹے میں ایک بار پھر 31445 نئے کیسز درج کیے جانے کے بعد ریاست میں خوف کا ماحول ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس وبا سے 215 افراد کی موت بھی واقع ہو گئی ہے۔ اس درمیان 20271 کورونا متاثرین کے صحت یاب ہونے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس وقت ریاست میں ٹیسٹ پازیٹو شرح 19.03 فیصد ہے۔


25 Aug 2021, 5:30 PM

روس میں کورونا وائرس کے تقریباً 20 ہزار نئے متاثرین کی تصدیق

ماسکو: روس میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران تقریباً 20 ہزار نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے اور 800 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ روس کے فیڈرل رسپانس سینٹر کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق 19536 لوگوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی اور اس کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 68 لاکھ 04 ہزار 910 ہو گئی۔ جبکہ مزید 809 مریض فوت ہونے سے اس عالمی وباء کے سبب اموات کی تعداد 178423 ہوگئی۔ ملک میں اس عرصے کے دوران 19654 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا ہے۔ اب تک ملک میں 60 لاکھ 73 ہزار 157 افراد کورونا وائرس سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

25 Aug 2021, 4:25 PM

کمل ناتھ کی ریاستی باشندوں سے ٹیکہ لگوانے کی اپیل

بھوپال: مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے ریاستی باشندوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس روک تھام کے لیے ٹیکہ کاری سے محروم رہ گئے لوگ ٹیکہ ضرور لگوا لیں۔ کمل ناتھ نے کہا کہ ’میں ریاست کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ جن لوگوں نے ابھی تک کورونا ویکسن نہیں لگوائی ہے وہ ضرور لگوائیں، جن کا دوسرا ڈوز باقی ہے، وہ بھی ضرور اسے لگوائیں۔ ریاست میں ابھی بھی بڑی آبادی کو ویکسین نہیں لگی ہے۔ ویکسین کی دوسری ڈوز لینے والوں کے اعداد و شمار بھی کم ہیں۔ ہم ویکسینیشن سے ہی کورونا کو شکست دے سکتے ہیں۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ویکسین ہردن دستیاب ہونی چاہیے تاکہ ریاست کے عوام کو ویکسین کی ڈوز کے لیے در در نہ بھٹکنا پڑے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔