اہم خبریں LIVE: یوپی حکومت نے 17 آئی اے ایس افسران کا کیا تبادلہ

یوگی آدتیہ ناتھ
یوگی آدتیہ ناتھ
user

قومی آواز بیورو

09 Jun 2022, 9:35 PM

یوپی حکومت نے 17 آئی اے ایس افسران کا کیا تبادلہ

اتر پردیش حکومت کی طرف سے جمعرات کو پھر 17 آئی اے ایس افسران کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ ان تبادلوں میں اسپیشل سکریٹری، کمشنر اور چیف ڈیولپمنٹ افسر سطح کے افسران شامل ہیں۔ حکومت کی طرف سے آج جاری افسران کے تبادلوں کی فہرست کے مطابق بریلی، سدھارتھ نگر، مظفر نگر، سون بھدر کے چیف ڈیولپمنٹ افسر (سی ڈی او) بدلے ہیں۔ وہیں پریاگ راج، جھانسی اور میرٹھ کے سٹی کمشنر بدلے گئے ہیں۔

09 Jun 2022, 8:42 PM

ٹی-20 سیریز: پہلے میچ میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو دیا 212 رنوں کا ہدف

ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی-20 سیریز کا پہلا میچ آج دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ نے پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ہندوستانی بلے بازوں نے دھواں دھار کھیل دکھاتے ہوئے 20 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 211 رن بنا لیے ہیں۔ یعنی جنوبی افریقہ کے سامنے جیت کے لیے 212 رنوں کا پہاڑ رکھا ہے۔ ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ رن اوپننگ بلے باز ایشان کشن (48 گیندوں پر 76 رن) نے بنائے۔ شریئس ایر نے 27 گیندوں میں 36 رن اور کپتان رشبھ پنت نے 16 گیندوں میں 29 رن بنائے۔ آخر میں ہاردک پانڈیا نے محض 12 گیندوں پر ناٹ آؤٹ طوفانی 31 رن بنائے۔ ریتوراج گائیکواڈ نے 15 گیندوں پر 23 رن کا تعاون دیا۔ دنیش کارتک 2 گیندوں پر ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے کیشو مہاراج، وین پارنیل، اینرک نارخیا اور ڈوین پریٹورین کو 1-1 وکٹ حاصل ہوا۔

09 Jun 2022, 6:17 PM

مہاراشٹر: ٹھانے پولیس نے معطل بی جے پی لیڈر نوین جندل کو بھیجا سمن

مہاراشٹر کی ٹھانے واقع بھیونڈی سٹی پولیس نے معطل بی جے پی لیڈر نوین کمار جندل کو 15 جون کو ان کے سامنے پیش ہونے کے لیے سمن جاری کیا ہے۔ ان کے خلاف بھیونڈی سٹی تھانے میں تعزیرات ہند کی دفعہ 295 اے (قصداً اور غلط نیت سے کیا گیا کام، مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا ارادہ) کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔


09 Jun 2022, 4:18 PM

پاکستان کے مقبول ٹی وی میزبان اور سابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کا پراسرار حالات میں انتقال

پاکستان کے سابق رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) اور مقبول ٹیلی ویژن میزبان عامر لیاقت کراچی میں پراسرار حالات میں انتقال کر گئے۔ مقامی میڈیا نے جمعرات کو یہ خبر دی۔ عامر لیاقت کی عمر 49 سال تھی۔ جیو ٹی وی کے مطابق لیاقت کو بدھ کی رات تکلیف محسوس ہوئی تاہم انہوں نے اسپتال جانے سے انکار کر دیا۔

09 Jun 2022, 3:23 PM

الیکشن کمیشن نے کیا صدارتی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان، 18 جولائی کو ووٹنگ

الیکشن کمیشن آف انڈیا نے صدارتی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ کمیشن کے مطابق 18 جولائی کو ووٹنگ ہوگی اور 21 جولائی کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ صدارتی انتخاب کے لئے 15 جون کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ 29 جون ہوگی۔ 30 جون کو کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ 2 جولائی تک امیدوار اپنی نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ صدر کووند کی مدت کار 24 جولائی 2022 کو ختم ہونے جا رہی ہے۔

الیکشن کمشنر نے بتایا کہ صدارتی انتخابات 2022 میں کل 4809 ووٹر ووٹ ڈالیں گے۔ کوئی بھی سیاسی پارٹی اپنے اراکین کے لئے وہپ جاری نہیں کر سکتی۔

اہم خبریں LIVE: یوپی حکومت نے 17 آئی اے ایس افسران کا کیا تبادلہ

09 Jun 2022, 1:55 PM

کیرالہ گولڈ اسمگلنگ معاملہ، کانگریس وزیر اعلیٰ وجین کے خلاف سراپا احتجاج

گولڈ اسملنگ معاملہ پر کانگریس پارٹی کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنرائی وجین کے خلاف سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے۔ کانگریس لیڈران اور کارکنان نے آج ترواننت پورم سیکریٹریٹ پر مظاہرہ کیا۔ اس دوران پولیس نے یوتھ کانگریس کے کارکنان کو منتشر کرنے کے لئے پانی کی بوچھاڑ کی۔ مہیلا کانگریس کی کارکنان نے بھی وجین کے خلاف نعرے بازی کی۔

09 Jun 2022, 12:04 PM

اشتعال انگیز بیان بازی پر دہلی پولیس نے اویسی کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی

دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے اشتعال انگیز بیان بازی کے سلسلہ میں نوپور شرما اور دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ اے این آئی کے مطابق اس ایف آئی آر میں مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نتی ایف آئی آر میں نرسنگھا نند کا نام نام بھی شمال ہے۔


09 Jun 2022, 10:59 AM

دہلی کے بٹلا ہاؤس میں آتشزدگی، فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیوں نے بجھائی آگ، 20 افراد کو بچایا گیا

دہلی کے بٹلا ہاؤس علاقہ میں آگ لگنے کا واقعہ رونما ہوا ہے۔ فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں موقع پر پہنچی ہیں اور اہلکار آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دریں اثنا، کم از کم 20 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ کے مطابق آگ پر اب قابو پا لیا گیا ہے۔

09 Jun 2022, 9:53 AM

دہلی میٹرو کی بلیو لائن میں تکنیکی خرابی، لوگوں کو پریشانی کا سامنا

دہلی میٹرو کی بلیو لائن خدمات تکنیکی خرابی کی وجہ سے متاثر ہوئی ہیں۔ جس کی وجہ سے صبح دفتر جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بلیو لائن دہلی کے دوارکا سیکٹر-21 اور اتر پردیش کے نوئیڈا الیکٹرانک سٹی اور غازی آباد میں ویشالی کو جوڑتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔