حج کی آن لائن درخواستیں داخل کرنے کی 19 دسمبر آخری تاریخ
درخواست فارم کی ہارڈ کاپی دفتر حج کمیٹی میں داخل کرنا لازمی ہے‘ جناب محمد مسیح اللہ خان کا اعلان
حیدرآباد: صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان نے کہا ہے کہ حج 2019 کے آن لائن درخواست فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 19 دسمبر ہے‘ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج درخواست فارم کی آن لائن خانہ پری اور وصولی کے لئے حج ہاؤس حیدرآباد میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں‘ یہ سہولت باوقات 10:30بجے صبح تا 5:00 بجے شام تک مہیا رہے گی۔
آن لائن فارم داخل کرنے کے بعد درخواست گذار فارم کی ہارڈ کاپی ضروری دستخط کے بعد مناسب دستاویزات کے ساتھ دفتر حج کمیٹی میں داخل کریں، بعض افراد نے آن لائن درخواستیں داخل کی ہیں لیکن اس کی ہارڈ کاپی حج کمیٹی میں داخل نہیں کی ہے، کور نمبر جاری کرنے کے لئے ہارڈ کاپی داخل کرنا لازمی ہے۔ اس کو نظر انداز نہ کریں۔
تاحال حج کمیٹی میں لگ بھگ 12,900 درخواستیں داخل کی جاچکی ہیں جن کو کور نمبر الاٹ کردیئے گئے ہیں۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے کہا کہ اس سال ایک فارم میں پانچ افراد کے نام شامل کرنے کی گنجائش مہیا کی جارہی ہے ان کے ساتھ دو شیر خوار بھی شامل کئے جاسکتے ہیں۔ خواہش مند افراد حج ہاؤس کو آتے وقت اپنے ساتھ پاسپورٹ کی کاپی اگر موجودہ پتہ پاسپورٹ میں درج پتہ سے الگ ہو تو ایڈریس پروف، ایک عدد کینسل شدہ چیک یا بینک پاس بک کی کاپی، پروسسنگ فیس کی ادائیگی کا چالان اور ایک عدد فوٹو، بلڈ گروپ کے علاوہ نامِینی کی تفصیلات اور پروسسنگ فیس ادا کرنے کے لئے ڈیبٹ کارڈ یا کریڈٹ کارڈ ساتھ لائیں۔
70 سال یا زائد عمر کے درخواست گذاروں کا بغیر قرعہ اندازی کے راست انتخاب عمل میں آئے گا اور ان کے ساتھ ایک رفیق سفر کو رکھنے کی اجازت ہوگی۔ پاسپورٹ 19 دسمبر یا اس سے قبل جاری کردہ اور 31 جنوری 2020 تک کارکرد ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال بھی رہائش کے دو زمرے رکھے گئے ہیں۔ گرین زمرہ کو NCTZ سے موسوم کیا گیا ہے یعنی یہاں نو کوکنگ نو ٹرانسپورٹ زون۔ اس زون میں پرانی بلڈنگیں ہی رہیں گی۔ مدینہ منورہ میں رہائش کے دو خطے رکھے گئے ہیں ایک مرکزیہ زون اور دوسرا آؤٹ سائیڈ مرکزیہ زون۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔