ایودھیا میں زمینوں کی لوٹ مچی ہوئی ہے، بی جے پی حکومت کے سایہ میں افسران اور لیڈران ڈیلنگ کر رہے: اکھلیش یادو
اکھلیش یادو نے کہا کہ ایودھیا کو لے کر ہم کوئی پہلی بار پریس کانفرنس نہیں کر رہے، ہم وقتاً فوقتاً جانکاری دیتے رہے ہیں، افسران اور لیڈران لوٹ میں مصروف ہیں، جہاں لوٹ ہوگی وہاں ترقی نہیں ہو سکتی۔
اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو نے آج بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ایودھیا میں زمینوں کی کالابازاری ہو رہی ہے۔ بی جے پی لیڈران اور افسران وہاں زمین لوٹ رہے ہیں۔ اکھلیش نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ یہ جب ایودھیا کو لوٹ سکتے ہیں تو وہ کچھ بھی کر سکتے ہیں، ایودھیا میں سب سے بڑی لوٹ ہوئی ہے۔
سماجوادی پارٹی چیف کا کہنا ہے کہ بی جے پی لیڈران نے فوج کی زمین تک کو فروخت کر دیا۔ فائرنگ رینج کی زمین بھی بی جے پی لیڈروں نے فروخت کر دی۔ ایودھیا کے کسانوں کی زمین بی جے پی لیڈران کو ملی۔ زمین لینے والوں کی رجسٹری میرے پاس ہے۔ گھوٹالے کے لیے ریلوے کا الائنمنٹ بدلا جا رہا ہے۔ حکومت نے کسانوں کو معاوضہ بھی نہیں دیا۔ اس تعلق سے اکھلیش نے یہ سوال بھی کیا کہ بدعنوانی پر بی جے پی کا ’زیرو ٹولرنس‘ کہاں گیا؟
اکھلیش یادو نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ایودھیا کو لے کر ہم کوئی پہلی مرتبہ پریس کانفرنس نہیں کر رہے ہیں۔ ہم وقت وقت پر جانکاری دیتے رہے ہیں۔ افسران اور لیڈران لوٹ میں مصروف ہیں۔ جہاں لوٹ ہوگی، وہاں ترقی نہیں ہوگی۔ یہ بات صرف ایودھیا کی نہیں ہے، باقی کچھ جگہوں پر بھی یہی حال ہے۔ حکومت نے غریب کسانوں سے زمین لے کر اپنے لوگوں کو دے دی۔ میرے پاس افسران اور لیڈران کی پوری فہرست ہے۔ سماجوادی پارٹی چیف کا کہنا ہے کہ کسانوں سے زمین لینے کے بعد سرکل ریٹ بڑھائے گئے۔ یہ تو اپنے لوگوں کو فائدہ پہنچانا چاہتے تھے۔ رجسٹری کی جو کاپی دی گئی ہے، اس میں سب کی تصویر لگی ہے۔
سماجوادی پارٹی چیف کے مطابق ایودھیا کو ورلڈ کلاس بنانے کے لیے دماغ چاہیے۔ دو سال بعد سماجوادی پارٹی حکومت میں ایودھیا ورڈ کلاس بنے گی۔ بی جے پی کی حکومت میں ترقی نہیں، صرف لوٹ ہے۔ ترقیات کے لیے دماغ لگانا پڑتا ہے۔ جب دو سال بعد ہماری حکومت آئے گی تو ہم سبھی معاملوں کی جانچ کروائیں اور مناسب معاوضہ دیں گے۔ اکھلیش یادو نے منگیش یادو انکاؤنٹر معاملہ کا تذکرہ بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ انکاؤنٹر کو لے کر جھوٹی کہانی پڑھ کر سنائی جا رہی ہے۔ منگیش یادو کا قتل کیا گیا ہے اور یہ سبھی جانتے ہیں۔ اسے گھر سے اٹھا کر لے جایا گیا۔ انھیں منگیش کی ماں اور بہن کا درد دکھائی نہیں دے رہا۔ چپل میں انکاؤنٹر کر دیا گیا۔ سبھی انکاؤٹر پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ نوئیڈا میں بھی فرضی انکاؤنٹر ہوا۔ بی جے پی نے یوپی کو فرضی انکاؤنٹر کا سنٹر بنا دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔