زمین کے عوض ریلوے میں نوکری گھوٹالہ: رابڑی کے بعد آج لالو سے پوچھ گچھ کرے گی سی بی آئی

بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کے بعد سی بی آئی آج لالو پرساد یادو سے پوچھ گچھ کرے گی۔ یہ پوچھ گچھ آئی آر سی ٹی سی گھوٹالہ یعنی زمین کے عوض نوکری (لینڈ فار جاب) اسکیم کے سلسلہ میں کی جائے گی

لالو پرساد یادو
لالو پرساد یادو
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کے بعد سی بی آئی آج لالو پرساد یادو سے پوچھ گچھ کرے گی۔ یہ پوچھ گچھ آئی آر سی ٹی سی گھوٹالہ یعنی زمین کے عوض نوکری (لینڈ فار جاب) اسکیم کے سلسلہ میں کی جائے گی۔ لالو اس وقت دہلی میں ہیں، لہذا ان سے دہلی کی ان کی رہائش گاہ پر ہی پوچھ گچھ کی جائے گی۔ اس سے پہلے سی بی آئی نے پیر کو پٹنہ میں رابڑی دیوی سے چار گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔ سی بی آئی نے لالو کو زمین عوض نوکری گھوٹالے کی پوچھ گچھ کے لیے سمن بھیجا ہے۔

رابڑی سے سی بی آئی کی پوچھ گچھ کے بعد اپوزیشن مودی حکومت پر حملہ آور بن گئی۔ تمام اپوزیشن لیڈروں نے مرکز پر تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا، جو اپوزیشن لیڈر بی جے پی کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں ہیں، انہیں ای ڈی-سی بی آئی کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ آج رابڑی دیوی جی کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ لالو یادو اور ان کے خاندان کو برسوں سے ہراساں کیا جا رہا ہے کیونکہ وہ نہیں جھکے۔ بی جے پی اپوزیشن کی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔


سی بی آئی کی پوچھ گچھ ختم ہونے کے بعد رابڑی دیوی قانون ساز کونسل کے لیے روانہ ہوئیں۔ اس دوران جب ان سے سوال پوچھا گیا تو رابڑی دیوی نے جواب دیا کہ ’سی بی آئی آئی تو کیا کریں؟ ہمارے یہاں تو ہمیشہ سی بی آئی آتی رہتی ہے!‘

وہیں، تیجسوی یادو نے رابڑی دیوی سے سی بی آئی کی پوچھ گچھ پر مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے نتیش مہاگٹھ بندھن میں شامل ہوئے ہیں، تب سے جانچ میں پیشرفت نظر آ رہی ہے۔ تیجسوی یادو کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے سی بی آئی کو دیکھ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ زمین کے عوض نوکری گھوٹالہ کا یہ معاملہ 14 سال پرانا ہے۔ اس وقت لالو یادو ریلوے کے وزیر تھے۔ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ لالو یادو نے جب وہ ریلوے کے وزیر تھے، لوگوں کو ریلوے میں نوکریاں دینے کے عوض مبینہ طور پر ان کی زمین حاصل کر لی تھیں۔ لالو یادو 2004 سے 2009 تک ریلوے کے وزیر تھے۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں 18 مئی کو مقدمہ درج کیا تھا۔ سی بی آئی کے مطابق لوگوں کو سب سے پہلے ریلوے میں ’گروپ ڈی‘ کے عہدوں پر متبادل کے طور پر بھرتی کیا گیا تھا اور جب ان کے اہل خانہ نے زمین کا سودا کیا تھا تو انہیں مستقل کر دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔