لالو پرساد کی بیٹی روہنی نے رمضان المبارک کے سبھی روزے رکھنے کا کیا اعلان!

اپنے ٹوئٹ میں روہنی آچاریہ نے لکھا ہے کہ ’’اس سال ہم نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ پورے مہینے اپنے پاپا کی صحت یابی اور سلامتی کے لیے روزے رکھوں گی۔‘‘

لالو پرساد کی بیٹی روہنی آچاریہ
لالو پرساد کی بیٹی روہنی آچاریہ
user

تنویر

لالو پرساد کی بیٹی روہنی آچاریہ اپنے والد کی صحت کو لے کر کافی فکر مند نظر آ رہی ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ وہ رمضان کے پاک مہینے کے سبھی روزہ رکھیں گی تاکہ لالو پرساد صحت یاب ہو جائیں۔ اپنے ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اس سال ہم نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ پورے مہینے اپنے پاپا کی صحت یابی اور سلامتی کے لیے روزے رکھوں گی۔ پاپا کی حالت میں بہتری ہو اور جلد انصاف مل سکے اس کی بھی دعا کروں گی۔‘‘ علاوہ ازیں ٹوئٹ میں انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ساتھ ہی ملک میں امن چین ہو اس لیے اللہ سے دعا کروں گی۔‘‘

لالو-رابڑی کی دوسری اولاد اور میسا بھارتی کی چھوٹی بہن روہنی آچاریہ کے اس ٹوئٹ کے بعد سیاسی حلقے میں چہ می گوئیاں شروع ہو گئی ہیں اور روہنی کے ٹوئٹ پر کئی طرح کے تبصرے بھی سامنے آئے ہیں۔ کچھ تبصرے تنقیدی انداز کے ہیں تو کچھ مثبت بھی ہیں۔ اس درمیان تھوڑا مزاحیہ انداز میں ایک اور ٹوئٹ روہنی آچاریہ نے کیا جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ساتھ میں چیتی نوراتر بھی ہے، میرے اندر اتنی ہمت ہے کہ میں دونوں مبارک تہوار پوری عقیدت کے ساتھ پورا کر سکتی ہوں۔ مجھے کسی زہریلے پرورش کی نفرتی سوچ سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ آپ سبھی کو چیتی نوراتر کی بھی نیک خواہشات۔‘‘


یہاں قابل ذکر ہے کہ چارہ گھوٹالہ میں سزایافتہ لالو یادو کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں اور دہلی ایمس میں ان کا علاج چل رہا ہے۔ لالو یادو کو چارہ گھوٹالہ معاملہ میں ضمانت کے لیے طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ اس معاملے میں ان کی ضمانت عرضی پر 16 اپریل کو سماعت ہونے والی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Apr 2021, 10:29 PM