لالو کا شاعرانہ انداز،کہا- ’مجھے گرانے میں کئی لوگ بار-بار گرے‘
تصویر میں لالو کو باندھنے یا قابو کرنے کی اس طرح کوشش کی جارہی ہے، جس طرح ’گولیور ان لیلی پوٹ‘ کی کہانی میں لیلی پوٹ جزیرہ کے لوگوں نے گولیور پر قابو کرنے کے لئے تھی۔
پٹنہ: چارہ گھپلہ میں سزا یافتہ راشٹریہ جنتا دل ( آر جے ڈی ) صدر لالو پرساد یادو نے ٹوئٹ کے ذریعہ آج ایک بار پھر اپنے مخالفین خاص کر راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ ( آر ایس ایس ) اور بھارتیہ جنتاپارٹی ( بی جے پی ) پر نشانہ لگایا اور کہا کہ انہیں گرانے میں کئی لوگ بار بار گرے ہیں ۔
لالو پرساد یادو کے ٹوئٹر ہینڈل پر کئے گئے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ” مدعی لاکھ برا چاہے تو کیا ہوتا ہے ۔وہی ہوتا ہے جو منظور ’جنتا‘ ہوتاہے “ یہی نہیں آر جے ڈی سربراہ نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی ہے ۔
ٹوئٹ میں جو تصویر شیئر کی گئی ہے اس میں لالو پرساد یادو مشہور کہانی ’گولیور ان لیلی پوٹ‘ کے کردار گولیور سے اپنے عظیم خاکہ کا مقابلہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ تصویر میں بی جے پی ، آر ایس ایس ، حزب اقتدار جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) ، مرکزی جانچ بیورو ( سی بی آئی ، انفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ ( ای ڈی ) ، وزیر اعظم دفتر ( پی ایم او ) اور انکم ٹیکس محکمہ ( آئی ٹی ) کے توسط سے انہیں باندھنے یا قابومیں کرنے کی ویسی ہی کوشش کی جارہی ہے۔ جس طرح ’گولیور ان لیلی پوٹ‘ کی کہانی میں لیلی پوٹ جزیرہ کے لوگوں نے گولیور پر قابو پانے کی کوشش کی تھی۔
اس تصویر کے اوپر لکھا ہے کہ ” نہ میں گرا نہ میرے حوصلے کے مینار گرے ، مگر مجھے گرانے میں کئی لوگ بار بار گرے۔“ اس سے قبل اتوار کو پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کی سنکلپ ریلی میں جمع بھیڑ پر طنزیہ ٹوئٹ کیا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ اتنی بھیڑتو میرے پان کی گمٹی پر رک جانے سے ہوجاتی ہے ۔
واضح رہے کہ چارہ گھپلے کے معامعاملے میں سزا پانے کے بعد آر جے ڈی سربراہ ان دنوں کئی سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں ۔ لالو یادو کا علاج رانچی کے ریمس میں چل رہاہے ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔