چارہ گھوٹالہ: لالو اور جگن ناتھ مشرا کو 5 سال کی قید

چارہ گھوٹالہ کے چائباسہ ٹریزری غبن معاملے میں آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ جگن ناتھ مشرا کو 5 سال کی سزا ہوئی ہے۔

تصویر نوجیون
تصویر نوجیون
user

قومی آواز بیورو

چارہ گھوٹالے کے چائباسہ ٹریزری غبن معاملے میں آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ جگن ناتھ مشرا کو 5 سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے آج اس سزا کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ لالو پرساد یادو پر 5 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی لگایا گیا ہے۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے فرضی طریقے سے رقم نکالے جانے کے معاملے میں لالو کے علاوہ 12 لوگوں کو بھی قصوروار قرار دیا ہے۔

اس سے قبل لالو پرساد یادو کو چارہ گھوٹالے کے دو دیگر معاملوں میں سزا ہو چکی ہے۔ چائباسہ معاملے میں بحث 10 جنوری کو مکمل ہو گئی تھی اور عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کو قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد آر جے ڈی کے سینئر لیڈر رگھوونش پرساد سنگھ نے کہا کہ وہ سبھی فیصلوں کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔

آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے سزا کے اعلان کے بعد کہا کہ ’’بہار کی عوام لالو یادو کے ساتھ ہے اور وہ جانتے ہیں کہ لالو بے قصور ہیں۔ ہم سبھی فیصلوں کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ’’فیصلے پر کسی طرح کی کوئی حیرانی نہیں ہے، پہلے سے ہی یہ امید کی جا رہی تھی کہ عدالت کچھ اسی طرح کا فیصلہ سنائے گی۔ لیکن قصوروار قرار دیے جانے کے بعد آر جے ڈی کی طرف سے آیا بیان افسوسناک ہے۔ کیا وہ یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ قصوروار قرار دینے والے جج بی جے پی یا نتیش کمار سے ملے ہوئے ہیں؟‘‘

واضح رہے کہ لالو یادو چارہ گھوٹالے کے دیوگھر ٹریزری سے جڑے ایک معاملے میں سزا سنائے جانے کے بعد رانچی کے برسا منڈا جیل میں بند ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ چائباسہ ٹریزری سے سال 1992-93 میں 67 فرضی الاٹمنٹ لیٹر کی بنیاد پر 33.67 کروڑ روپے کا غیر قانونی کلیئرنس کیا گیا تھا یعنی رقم نکالی گئی تھی۔ غیر قانونی کلیئرنس سے متعلق سال 1996 میں کل 76 ملزمین پر کیس درج ہوا تھا۔ ان 76 ملزمین میں لالو پرساد یادو اور جگن ناتھ مشرا کے نام بھی شامل ہیں۔ حالانکہ سماعت کے دوران 14 ملزمین کا انتقال ہو چکا ہے۔ دو ملزمین سشیل کما رجھا اور پرمود کمار جیسوال نے اپنا جرم قبول کر لیا ہے جب کہ تین ملزمین دیپیش چانڈک، آر کے داس اور شیلیش پرساد سنگھ کو سرکاری گواہ بنا دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔