زمین کے عوض نوکری معاملہ میں لالو خاندان کو عدالت سے راحت؛ لالو، رابڑی اور میسا سمیت تمام ملزمان کی درخواست ضمانت منظور

لالو یادو اور ان کے خاندان کو لینڈ فار جاب یعنی زمین کے عوض ریلوے میں نوکری دینے کے مبینہ گھوٹالہ معاملہ میں بڑی راحت ملی ہے۔ عدالت نے تمام 16 ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔

لالو پرساد یادو
لالو پرساد یادو
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: لالو یادو اور ان کے خاندان کو لینڈ فار جاب یعنی زمین کے عوض ریلوے میں نوکری دینے کے مبینہ گھوٹالہ معاملہ میں بڑی راحت ملی ہے۔ دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے لالو، رابڑی اور میسا بھارتی سمیت تمام 16 ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔ عدالت نے تمام ملزمان کی درخواست ضمانت 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکوں پر منظور کی۔

قبل ازیں، لالو، رابڑی دیوی اور میسا بھارتی راؤز ایونیو کورٹ میں پیش ہوئے۔ لالو یادو وہیل چیئر پر بیٹھ کر عدالت پہنچے تھے۔ ملازمت کے لیے زمین گھوٹالے میں سی بی آئی کی چارج شیٹ کا نوٹس لیتے ہوئے عدالت نے ان سبھی کو سمن جاری کرتے ہوئے حاضر ہونے کا حکم دیا تھا۔ الزام ہے کہ جب لالو یادو ریلوے کے وزیر تھے تو لوگوں کو نوکری دینے کے عوض مبینہ طور پر ان کی زمین اپنے نام کرا لی گئی۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں گزشتہ سال 18 مئی کو مقدمہ درج کیا تھا۔


اس معاملے پر جے ڈی یو کے رکن پارلیمنٹ سنیل کمار پنٹو نے کہا کہ لالو یادو کو عدالت پر پورا بھروسہ ہے، اسی لیے وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ عدالت پہنچے۔ وہ عدالت کا احترام کرتے ہیں۔ ایجنسی متعصب ہو سکتی ہے۔ ایجنسی کی طرف سے اب تک بڑے بڑے دعوے کیے گئے ہیں، وہ رقم کہاں ہے؟ بی جے پی چاہے کچھ بھی کہے، حتمی فیصلہ عدالت کو کرنا ہے اور اس سے بھی بڑی عدالت عوام کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔