آج نہیں تو کل تیجسوی وزیر اعلیٰ ہوگا:لالو یادو

لالو یادو اور بہار اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما تیجسوی یادو نے وزیر اعلی نتیش کمار اور نائب وزیر اعلی پر سخت حملہ بولا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بھاگلپور: بہار میں ہوئے سریجن گھوٹالے کے حوالے سے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی ) نے بھاگلپور میں ایک ریلی کی جس میں لالو پرساد یادو نے بی جے پی پر جم کر نشانہ لگایا گیا۔ آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو اپنے دونوں بیٹوں تیجسوی اور تیج پرتاپ کے ساتھ ریلی میں شریک ہوئے۔ بھاگل پور اسٹیڈیم میں منعقدہ اس ریلی کا نام ’’سریجن کے درجنوں کا وسرجن ‘‘ رکھا گیا تھا۔

لالو پرساد یادو نے سریجن گھوٹالے کے لئے وزیر اعلی نتیش کمار اور ان کے نائب سشیل مودی کو ذمہ دار قرار دیا۔ لالو نے نتیش کو اقتدار کا لالچی بتاتے ہوئے تیجسوی یادو کے وزیر اعلیٰ بننے کی پیشن گوئی کی۔ انہوں نے کہا کہ ، ’’آج نہیں تو کل تیجسوی وزیراعلیٰ بنے گا اور نتیش کمار کی مرضی سے نہیں بلکہ غریب، دلت اور پچھڑوں کی حمایت سے کرسی پر بیٹھے گا۔‘‘

بے نامی املاک کو لے کر مقدموں کا سامنا کر رہے لا لو یادو نے کہا، ’’ مجھے تو 20 سال سے مقدمہ لڑنے کی عادت ہو گئی ہے۔یہ لوگ مجھے ڈرا نہیں پائے تو بچوں کے پیچھے پڑ گئے۔ سی بی آئی کا ہمارے خلاف استعمال کیا گیا۔‘‘ لالو نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے سی بی آئی سے پوچھ گچھ کی تاریخ آگے بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاگلپور ریلی کو روکنے کے لئے ہی انہوں نے11 ستمبر کو پوچھ گچھ کے لئے بلایا ہے۔

اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما تیجسوی یادو نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹنہ کی ’’بی جے پی بھگاؤ دیش بچاؤ‘‘ ریلی میں ہم نے یہ اعلان کیاتھا کہ بہار کے ہر ضلع میں جاکر سریجن کے درجنوں(برے لوگوں) کا پردہ فاش کریں گے اور اس کی شروعات آج بھاگلپور سے ہو رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

انہوں نے کہا کہ نتیش کما ر نے تیجسوی کے بہانے سریجن کے گناہوں کو دھویا ہے۔ لیکن ہم سریجن کے درجنوں (برے لوگوں)کا وسرجن (غرق) کرکے ہی دم لیں گے۔ اب نتیش کمار کی اخلاقیات کہاں گئی؟انہوں نے مزید کہا کہ نتیش کمار اخلاقی بد عنوانی کے پیتا ما (پر دادا) ہیں اور وہ سیاسی و سماجی بد عنوانی میں بھی ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس گھوٹالے کی شروعات بھاگلپور سے ہوئی ہےاور نتیش کمار نے اس کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار ، سشیل مودی ، شاہنوازحسین ، نشی کانگ وغیرہ سب نے مل کر خزانے کی لوٹ کو انجام دیا ہے۔

تیجسوی نے کہا کہ 2006 سے چل رہے اس گھوٹالے کے بارے میں وزیر اعلی نتیش کمار کو پوری معلومات تھی لیکن وہ 10 سال تک خاموش رہے۔ بدعنوانی اور ’’زیرو ٹالرنس ‘کی باتیں کرنے والے، اب وہ بتائیں کہ کہاں گیا ’زیرو ٹالرنس‘؟



تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

تیجسوی یادو نے کہا سریجن کو ویاپم سے بھی بڑا گھوٹالہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس گھوٹالے کے ثبوتوں کو مٹانے میں نتیش کمار کے ایک خاص افسر کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حزب اختلاف کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے اور جیل میں بند ملزمان کی جان کو بھی خطرہ ہے۔ تیجسوی نے یہ بھی الزام لگایا کہ سی بی آئی پر سریجن گھوٹالے کی جانچ کو دبانے کا دباؤ ہے۔

تیجسوی یادو نے آگے کہا کہ ایس آئی ٹی نے ملزمان کو بھگانے کا کام کیا ہے ۔گھوٹالے کی زمین تیار کرنے والی منورما دیوی کے ملزم بیٹے اور بہو کو بیرونی ملک بھیج دیا گیاہے۔ اور ابھی تک وپن شرما کی گرفتاری کیوں نہیں ہوئی ہے؟

وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلی سشیل مودی پر حملہ کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ اقتدار کی حوس میں یہ لوگ اپنے رشتہ داروں کو بھی نہیں پہچان رہے ہیں، گھوٹالے میں نام نہ آئے اس لئے سشیل مودی نے اپنے بھائی تک کو نہیں پہچانا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نتیش کمار میں اگر ذرا سی بھی اخلاقیات بچی ہے تو انہیں جانچ پوری ہونے تک استعفیٰ دے دینا چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Sep 2017, 5:15 PM