اتر پردیش: خودکشی سے پہلے سی ایم او کے ڈرائیور نے ویڈیو بنا کر سچ سے اٹھایا پردہ
للت پور سی ایم او کے ڈرائیور کی خودکشی میں نیا موڑ آ گیا ہے۔ ڈرائیور نے خودکشی سے پہلے ایک ویڈیو بنایا تھا جس میں مبینہ طور پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ یوگی حکومت کے وزیر اس سے جبراً وصولی کر رہے تھے۔
اتر پردیش میں للت پور کے چیف میڈیکل افسر (سی ایم او) کے گاڑی ڈرائیور راج کمار دوبے کی خودکشی سے متعلق ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایک نیا موڑ سامنے آیا ہے۔ ویڈیو میں متاثرہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک سیکس ریکٹ معاملہ سے خود کو بچانے کے عوض یو پی کے وزیر منو کوری کو 20 لاکھ روپے دیئے ہیں۔ دوبے نے اتوار/پیر کی درمیانی شب کو خودکشی کر لی تھی۔ ویڈیو منگل کے روز شام کو وائرل ہوا جس میں وزیر برائے محنت و روزگار پر الزام عائد کیا گیا ہے۔
ویڈیو میں دوبے نے یہ بھی کہا کہ کوری، جو کہ للت پور ضلع کی مہرونی سیٹ سے رکن اسمبلی بھی ہیں، کے علاوہ کچھ دیگر لوگ بھی اس سے جبراً پیسے وصولنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد للت پور کے ضلع مجسٹریٹ یوگیش کمار شکلا نے پورے واقعہ کی مجسٹریل جانچ کا حکم دے دیا ہے۔
میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں کے مطابق 55 سالہ دوبے کو کچھ سال پہلے ایک سیکس اسکینڈل میں پھنسایا گیا تھا، جس کے لیے وہ جیل میں ایک سال کی سزا بھی کاٹ چکا ہے۔ اسے جنوری 2019 میں رہا کر دیا گیا تھا۔ بہر حال، دوبے اپنے گھر پر گزشتہ دنوں مردہ پایا گیا۔ اس نے خود کو پھانسی لگانے سے پہلے ویڈیو شوٹ کیا۔ تقریباً 1.43 منٹ کے ویڈیو میں دوبے کو یہ کہتے ہوئے دیکھا گیا کہ وہ خودکشی کا قدم اٹھانے جا رہا ہے، کیونکہ اسے چندرپال سنگھ اور راجندر سنگھ کے ذریعہ سیکس ریکٹ معاملہ میں زبردستی پھنسایا گیا تھا۔ ریاستی وزیر منو کوری نے دوبے سے مبینہ طور پر 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا، جو اس نے ادا کر دیا تھا۔ لیکن اس کے بعد بھی جیل بھیجا گیا تھا۔
دوبے کا کہنا ہے کہ برجیش اور منوج نام کے دو دیگر شخص بھی اس سے 50 ہزار روپے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جسے وہ دے نہیں پا رہا۔ اس کے علاوہ راجندر سنگھ کے ساتھ پپو خان نامی شخص بھی ان پر لگاتار 4.5 لاکھ روپے دینے کا دباؤ بنا رہا ہے، اور اس نے ان کے گھر کو اپنی بیوی کے نام پر جبراً رجسٹرڈ کروا لیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع مجسٹریٹ کا کہنا ہے کہ پوچھ تاچھ کے بعد آگے کی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری طرف یوگی حکومت میں وزیر منو کوری نے ایک ویڈیو کے ذریعہ جاری بیان میں کہا ہے کہ ان کے خلاف لگائے گئے الزام پوری طرح سے جھوٹے اور بے بنیاد ہیں اور یہ ان کی اچھی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کبھی بھی دوبے سے نہیں ملے اور نہ ہی وہ اسے جانتے ہیں۔
اس پورے معاملے میں عآپ لیڈر سنجے سنگھ نے کوری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سماجی کارکن نوتن ٹھاکر نے کوری سمیت سبھی ملزمین کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس معاملے میں مجسٹریل جانچ کافی نہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 10 Sep 2020, 9:11 PM