گزشتہ 40 دنوں سے زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے لال جی ٹنڈن کا انتقال

ایم پی کے گورنر لال جی ٹنڈن نے لکھنؤ کے میدانتا اسپتال میں آخری سانس لی۔ انھیں پیشاب میں تکلیف اور بخار کی شکایت کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور بعد میں کئی طرح کی بیماریوں کی تشخیص ہوئی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے گورنر لال جی ٹنڈن کا 85 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ وہ گزشتہ 40 دنوں سے لکھنؤ واقع میدانتا اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے تھے۔ انتقال کی خبر لال جی ٹنڈن کے بیٹے آشوتوش ٹنڈن نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے دی۔ انھوں نے لکھا "بابو جی نہیں رہے۔" پھر یہ خبر تیزی کے ساتھ پھیلی اور سیاسی حلقوں سے خراج عقیدت پیش کیے جانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ آشوتوش ٹنڈن نے بعد ازاں اپنے ایک دیگر ٹوئٹ میں یہ جانکاری دی کہ لال جی ٹنڈن کی آخری رسومات آج ہی ادا کی جائیں گی۔ شام 4 بجے ان کا آخری سفر شروع ہوگا اور آخری رسومات گلالہ گھاٹ چوک لکھنؤ پر 4.30 بجے اختتام پذیر ہوگا۔

بہر حال، پی ایم نریندر مودی نے لال جی ٹنڈن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ”لال جی ٹنڈن کو سماج کی خدمت کے لیے کی گئی ان کی کوششوں کے لیے یاد کیا جائے گا۔ انھوں نے اتر پردیش میں بی جے پی کو مضبوط کرنے میں اہم کردار نبھایا۔ انھوں نے ایک بااثر لیڈر کی شکل میں اپنی شناخت بنائی اور ہمیشہ عوامی فلاح کو اہمیت دی۔ ان کے انتقال سے افسردہ ہوں۔“ ایک دیگر ٹوئٹ میں پی ایم مودی نے یہ بھی لکھا کہ ”لال جی ٹنڈن آئینی معاملوں کے اچھے جانکار تھے۔ اٹل جی کے ساتھ ان کا طویل اور قریبی رشتہ رہا۔ تکلیف کے اس وقت میں ٹنڈن جی کی فیملی اور خیر خواہوں کو میری ہمدردی۔“


مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی لال جی ٹنڈن کے انتقال پر اظہارِ غم کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ”مزاج سے بے حد ملنسار ٹنڈن جی کارکنان کے درمیان بھی بے حد مقبول تھے۔ مختلف عہدوں پر رہتے ہوئے انھوں نے جو ترقیاتی کام کرائے اس کی تعریف آج بھی لکھنؤ اور اتر پردیش کے لوگ کرتے ہیں۔ ایشور سبھی غمزدہ اہل خانہ کو تکلیف کے اس وقت میں صبر اور طاقت عطا کرے۔“

قابل ذکر ہے کہ لال جی ٹنڈن کا علاج 12 جون سے ہی لکھنؤ کے میدانتا اسپتال میں چل رہا تھا۔ گزشتہ کئی دنوں سے ان کی طبیعت ناساز تھی اور پیشاب میں تکلیف اور بخار کی شکایت کے بعد پہلی بار انھیں جون میں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ بعد ازاں ان میں گردہ اور پیشاب کا انفیکشن پایا گیا تھا۔ 16 جون کو اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اسپتال پہنچ کر ان کی عیادت بھی کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Jul 2020, 9:48 AM