لکھیم پور تشدد: اشیش مشرا کو سپریم کورٹ نے دی 8 ہفتوں کی عبوری ضمانت، یوپی جانے پر پابندی

سپریم کورٹ نے لکھیم پور کھیری تشدد کے ملزم اشیش مشرا کی ضمانت منظور کر لی۔ آشیش مشرا مرکزی وزیر اجے کمار مشرا کا بیٹا ہے اور اس پر متعدد کسانوں کو کار سے روند کر موت کے گھاٹ اتارنے کا الزام ہے

لکھیم پور کھیری سانحہ کا ملزم آشیش مشرا/ آئی اے این ایس
لکھیم پور کھیری سانحہ کا ملزم آشیش مشرا/ آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے لکھیم پور کھیری کیس میں ملزم آشیش مشرا کو 8 ہفتوں کی عبوری ضمانت دے دی ہے۔ آشیش مشرا مرکزی وزیر اجے کمار مشرا کا بیٹا ہے اور اس پر متعدد کسانوں کو کار سے روند کر موت کے گھاٹ اتارنے کا الزام ہے۔

سپریم کورٹ گزشتہ تاریخ پر آشیش مشرا کی درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ جب تک معاملہ ختم نہیں ہوتا اس وقت تک کسی کو جیل میں رکھنا درست نہیں ہے۔ خیال رہے کہ آشیش ایک سال سے زیادہ جیل میں قید ہے۔


سپریم کورٹ نے اشیش مشرا کو 8 ہفتوں کی عبوری ضمانت شرائط کے ساتھ منظور کی ہے۔ اس پر یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ میں کیس کی سماعت کے علاوہ آشیش کو یوپی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ وہ وہ قیام کرے گا اس پتے اور متعلقہ پولیس اسٹیشن کی معلومات عدالت کو دینی ہوں گی۔

رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے لکھیم پور کیس میں از خود نوٹس لیتے ہوئے دوسرے تمام ملزمان کو بھی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم صادر کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وہ خود اس معاملے کی نگرانی کرے گا۔ ٹرائل کورٹ کو ہر سماعت کے بعد ضروری معلومات سپریم کورٹ کو پیش کرنی ہوں گی۔ اس معاملے میں سپریم کورٹ میں آئندہ سماعت 14 مارچ کو کی جائے گی۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ آشیش مشرا عبوری ضمانت کی مدت کے دوران یوپی ہی نہیں، دہلی میں بھی نہیں رہ سکتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔