لکھیم پور کھیری سانحہ: مرکزی وزیر مملکت اجے کمار مشرا کو بلیک میل کرنے کے الزام میں 5 افراد گرفتار

لکھیم پور کھیری معاملہ پر مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے کمار مشرا ٹینی کو بلیک میل کرنے کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے

مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی / آئی اے این ایس
مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: لکھیم پور کھیری معاملہ میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے کمار مشرا ٹینی کو بلیک میل کرنے کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ پانچوں ملزمان وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کو لکھیم پور کھیری معاملہ پر بلیک میل کرتے ہوئے دعویٰ کر رہے تھے کہ ان کے پاس ایسے ثبوت ہیں جن سے اجے مشرا قصوروار ثابت ہوں گے۔ ملزمان اجے مشرا سے کروڑوں روپے کا تاوان طلب کر رہے تھے۔

گزشتہ ہفتہ 17 دسمبر کو اجے مشرا ٹینی نے دہلی پولیس کے صدر دفتر کو اس کی اطلاع دی تھی۔ جس کے بعد پولیس کمشنر کی نگرانی میں نارتھ ایوینیو تھانہ میں جانچ شروع کی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ 5 لڑکے بی پی او میں کام کرتے ہیں اور سبھی کو دہلی اور نوئیڈا سے گرفتار کیا گیا ہے۔


خیال رہے کہ لکھیم پور کھیری میں کسانوں کا ایک گروپ اتر پریش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے دورے کے خلاف 3 اکتوبر کو احتجاج کر رہے تھے۔ تبھی ایک ایس یو وی کار نے چار کسانوں کو روند دیا۔ اس کے بعد مشتعل کسانوں نے بی جے پی کے دو کارکنان اور ایک ڈرائیور کو مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جبکہ تشدد میں ایک مقامی صحافی کی بھی جان چلی گئی۔

کسانوں کا الزام ہے کہ مظاہرین کسانوں پر وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا نے گاڑی چڑھائی تھی۔ اس معاملہ میں تاحال اجے کمار مشرا کے بیٹے آشیش سمیت 13 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔