لکھیم پور کھیری: درخت سے لٹکی ملی دونوں دلت بہنوں کی آخری رسومات ادا، انتظامیہ نے متاثرہ کنبہ سے کیے 5 وعدے

پہلے تو متاثرہ کنبہ نابالغ بچیوں کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے تیار نہیں ہوا، لیکن پھر انتظامیہ نے کنبہ سے پانچ وعدے کیے، جس کے بعد والدین دونوں لڑکیوں کی آخری رسومات کے لیے راضی ہو گئے۔

تصویر اے این آئی
تصویر اے این آئی
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع واقع نگھاسن تھانہ علاقہ کے تمولین پروا گاؤں کے باہر بدھ کے روز گنے کے کھیت میں درخت سے لٹکی ملی دونوں دلت بہنوں کی آج پولیس کی سخت سیکورٹی میں آخری رسومات ادا کر دی گئی۔ کل شام عصمت دری اور قتل کے بعد دونوں کی لاش کو درخت سے لٹکا دیا گیا تھا۔ پولیس نے اس واردات کے الزام میں 6 لڑکوں کو گرفتار کیا ہے۔

اس سے قبل جمعرات کو متاثرہ کنبہ نے دونوں نابالغ بچیوں کی آخری رسومات ادا کرنے سے منع کر دیا تھا۔ بعد ازاں پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے انھیں کافی سمجھانے کی کوشش کی۔ ملی جانکاری کے مطابق انتظامیہ نے کنبہ سے پانچ وعدے کیے جس کے بعد انھوں نے دونوں لڑکیوں کی آخری رسومات ادا کی۔ کنبہ نے روایت کے مطابق دونوں بہنوں کی لاشوں کی تدفین کی ہے۔


ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے مہلوکین کے والدین سے جو پانچ وعدے کیے ہیں ان میں پہلا ہے ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت دونوں مردہ لڑکیوں کی ماں کو 8-8 لاکھ روپے کی مالی امداد کی جائے گی، جس کی پہلی قسط 16 ستمبر کو اس کے بینک اکاؤنٹ میں پہنچ جائے گی۔ دوسرا، رانی لکشمی بائی یوجنا کے تحت ملنے والی رقم معاملے کی جانچ ختم ہونے کے فوراً بعد دے دی جائے گی۔

اس کے علاوہ انتظامیہ نے وعدہ کیا ہے کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت متاثرہ کنبہ کو گھر دیا جائے گا۔ اس کے لیے بلاک کے ذریعہ جلد ہی کارروائی کی جائے گی۔ ملازمت اور زیادہ سے زیادہ معاشی مدد پہنچانے کے لیے انتظامیہ کو تجویز بھیجی جائے گی۔ پانچواں وعدہ جو انتظامیہ نے کیا ہے وہ یہ ہے کہ واردات میں شامل ملزمین کو جلد از جلد پھانسی کے پھندے تک پہنچانے کے لیے فاسٹ ٹریک کورٹ میں پیروی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔