لداخ تنازعہ: ہندوستانی سرحد میں راستہ بھٹک کر داخل ہونے والا فوجی چین کے حوالہ

چینی فوج نے اپنے لاپتہ فوجی کو واپس دینے کی گزارش کی تھی، جس کے بعد ہندوستانی عہدیداران نے پروٹوکال کے تحت تمام خانہ پوری کرنے کے بعد وانگ کو چین کو واپس سونپ دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لداخ: ہندوستان-چین کے مابین چل رہے سرحدی تنازعہ کے درمیان ہندوستان نے ایک چینی فوجی کو واپس کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ایل اے (پیپلز لبریشن آرمی) کا یہ فوجی راستہ بھٹک کر غلطی سے سرحد پار کر کے ہندوستانی سرحد میں داخل ہو گیا تھا۔ پی ایل اے کے فوجی کو مغربی لداخ کے چومار-ڈیمچوک علاقہ میں پکڑا گیا تھا اور اس کا نام وانگ یا لونگ ہے۔ ہندوستان کی جانب سے منگل کی رات اسے چین کے حوالہ کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وانگ کو 19 اکتوبر کو پکڑا گیا تھا او وہ راستہ بھٹک کر ایل اے سی پار کر کے ہندوستانی سرحد میں داخل ہو گیا تھا۔ حکام نے کہا کہ اسے چکر آ رہے تھے اور وہ بیمار لگ رہا تھا۔ انڈین فوجیوں نے اسے آکسیجن فراہم کی اور طبی امداد دی، اسے کھانا پانی اور گرم کپڑے بھی دیئے گئے۔


چینی فوج نے اپنے لاپتہ فوجی کو واپس دینے کی گزارش کی تھی، جس کے بعد ہندوستانی عہدیداران نے پروٹوکال کے تحت تمام خانہ پوری کے بعد وانگ کو چین کو واپس سونپ دیا۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب دونوں ممالک کے فوجی حکام حالات کو معمول پر لانے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

جون کے مہینے میں لداخ میں واقع وادی گلوان میں دونوں جانب کی افواج میں پُر تشدد جھڑپ ہوئی تھی، جس میں 20 ہندوستانی فوجیوں کی جان چلی گئی تھی۔ پُر تشدد جھڑپ میں چینی فوج کا بھی نقصان ہوا تھا لیکن چین کی طرف سے نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی۔ وہیں، پینگونگ تسو میں دونوں فریقین میں ایک سے زیادہ مرتبہ ہوا میں فائرنگ کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ اس دوران ہندوستان اور چین کے درمیان کور کمانڈر سطح کے مذاکرات بھی ہو چکے ہیں، جو ہر مرتبہ تقریباً ناکام رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔