کویت آتشزدگی: ایئر فورس کا طیارہ 45 ہندوستانیوں کی لاشیں لے کر کوچی پہنچا
کویت میں آگ لگنے سے جان بحق ہونے والے 45 ہندوستانیوں کی لاشوں کو لے کر ہندوستانی فضائیہ (اے آئی ایف) کا طیارہ کیرالہ کے کوچی ہوائی اڈے پر اتر گیا
کوچی: کویت میں آگ لگنے سے جان بحق ہونے والے 45 ہندوستانیوں کی لاشوں کو لے کر ہندوستانی فضائیہ (اے آئی ایف ) کا طیارہ جمعہ کی صبح کیرالہ کے کوچی ہوائی اڈے پر اتر گیا۔ خیال رہے کہ کویت کے شہر المنقف میں ایک کثیر المنزلہ عمارت میں لگنے والی زبردست آگ میں کل 45 ہندوستانی شہریوں کی موت ہو گئی تھی۔ ہندوستانی فضائیہ کا سی-130جے سپر ہرکولیس طیارہ ہلاک شدگان ہندوستانیوں کی لاشوں کو واپس لانے کے لئے روانہ ہوا، کوچی میں اترا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ کی صبح کویت سے 45 ہندوستانیوں کی لاشوں کو لے کر آنے والا فضائیہ کا خصوصی طیارہ جیسے ہی ایئر پورٹ پر اترا، وہاں موجود لوگوں آنکھیں نم ہو گئیں۔ جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ صبح سے ہی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ ہوائی اڈے پر کیرالہ حکومت کے وزراء، اعلیٰ حکام اور پولیس فورس کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
کویت میں لگنے والی آگ میں جان بحق ہونے والے 45 ہندوستانیوں میں سب سے زیادہ (23) کا تعلق ریاست کیرالہ سے ہے۔ اس کے بعد تمل ناڈو (7) دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ اتر پردیش اور آندھرا پردیش کے تین تین شہری بھی مارے گئے ہیں۔ اس آگ کی وجہ سے اوڈیشہ کے دو، مہاراشٹر، کرناٹک، بہار، جھارکھنڈ، بنگال، پنجاب اور ہریانہ کے ایک ایک شہری کی بھی موت ہوئی ہے۔ کویت سے کوچی پہنچنے والا طیارہ اس کے بعد دہلی پہنچے گا اور اس کے بعد لاشوں کو متعلق ریاستوں کو بھیجا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔