مہاگٹھ بندھن سے علیحدگی کے بعد مشکل میں کشواہا، مادھو آنند آر ایل ایس پی سے مستعفی
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آر ایل ایس پی کا دامن چھوڑنے کے بعد بھودیو چودھری اور کامران کی طرح مادھو آنند بھی بہت جلد آر جے ڈی کا دامن تھام لیں گے۔
راشٹریہ لوک سمتا پارٹی (آر ایل ایس پی) کے سربراہ اوپیندر کشواہا کے لیے مشکلیں دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہیں۔ جب سے انھوں نے مہاگٹھ بندھن سے الگ راستہ اختیار کیا ہے، تبھی سے آر ایل ایس پی میں بغاوت کی آوازیں اٹھنی شروع ہو گئی تھیں، اور گزشتہ دنون جب بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے ساتھ مل کر نیا محاذ قائم کرنے کا اعلان کیا تو پھر پارٹی کے سرکردہ لیڈروں کے استعفیٰ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پہلے تو آر ایل ایس پی کے ریاستی صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ بھودیو چودھری کے ساتھ ساتھ کارگزار نائب صدر کامران نے پارٹی سے استعفیٰ دیا، اور اب تازہ ترین خبروں کے مطابق پارٹی کے پرنسپل جنرل سکریٹری مادھو آنند نے بھی پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق مادھو آنند نے آر ایل ایس پی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے بعد بدھ کے روز بہار کی راجدھانی پٹنہ میں کہا کہ "بہار کی بہتری کا ایجنڈا آر ایل ایس پی میں رہ کر پورا نہیں ہوسکتاہے، اس لئے جنرل سکریٹری کے عہدہ اور پارٹی سے میں نے استعفیٰ دے دیا ہے ۔" انہوں نے مزید کہا کہ "اپنے آگے کے سیاسی سفر سے متعلق بہت جلد میڈیا کو جانکاری دوں گا۔" حالانکہ سیاسی گلیارے میں ایسی باتیں گشت کر رہی ہیں کہ بھودیو چودھری اور کامران کی طرح مادھو آنند بھی بہت جلد آر جے ڈی کا دامن تھام لیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔