کروکشیتر مہاپنچایت: ’برج بھوشن گرفتار ہو ورنہ تحریک طے‘، مرکزی حکومت کو 9 جون تک کا الٹی میٹم

کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے دعویٰ کیا کہ وہ گاؤں میں تحریک چلانے کے لیے تیار بیٹھے ہیں، ایسا اس لیے کیونکہ متاثرہ بیٹیاں کسی ذات کی نہیں ہیں، وہ ملک کی بیٹیاں ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>راکیش ٹکیت، تصویر آئی اےاین ایس</p></div>

راکیش ٹکیت، تصویر آئی اےاین ایس

user

قومی آواز بیورو

برج بھوشن کے خلاف سراپا احتجاج بنے پہلوانوں کی حمایت میں جمعہ کے روز ہریانہ کے کروکشیتر میں انتہائی اہم کھاپ میٹنگ ہوئی۔ اس مہاپنچایت میں کھاپ نے مرکزی حکومت کو 9 جون تک برج بھوشن شرن سنگھ کو گرفتار کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے۔ کروکشیتر میں ہوئی مہاپنچایت میں کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے کہا کہ ’’پہلوانوں سے بات چیت کی گئی ہے۔ پہلوان برج بھوشن کی گرفتاری سے کم کچھ بھی ماننے کو تیار نہیں ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’پہلوانوں کے مظاہرہ کو جس طرح سے حمایت مل رہی ہے، اسے دیکھتے ہوئے پہلوانوں کی سیکورٹی بڑھائی جانی چاہیے۔ اگر کسی بھی پہلوان کے ساتھ کچھ ہوتا ہے تو اس کے لیے براہ راست حکومت ذمہ دار ہوگی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ آج پہلوانوں کی حمایت میں کروکشیتر میں ہوئی کھاپ پنچایت کے دوران ایک وقت ایسا آیا جب ہنگامہ والا نظارہ دیکھنے کو ملا۔ دراصل کھاپ کے نمائندے مائک پر لمبی لمبی تقریریں کر رہے تھے جس سے وہاں موجود لوگ ناراض ہو گئے۔ انھوں نے تقریر بند کر جلد از جلد فیصلہ سنانے کی بات کہی۔ اس درمیان راکیش ٹکیت نے حالات کو قابو میں کیا اور کافی مشقت کے بعد ماحول بہتر ہوا۔


بہرحال، میڈیا رپورٹس کے مطابق راکیش ٹکیت نے دعویٰ کیا کہ وہ گاؤں میں تحریک چلانے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ متاثرہ بیٹیاں کسی ذات کی نہیں ہیں، وہ ملک کی بیٹیاں ہیں۔ راکیش ٹکیت نے کہا کہ ’’حکومت سے بات کیے بغیر اس معاملے کو سلجھایا نہیں جا سکتا۔ پوری تحریک کے دوران ایک بھی تشدد کا واقعہ نہیں ہوا۔ پہلوانوں کو دباؤ کی وجہ سے چھوڑا گیا۔ اب ان کی حمایت میں دھرنے گاؤں میں بھی چلائے جائیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔