ہریانہ میں اشوک تنور باہر، کماری سیلجا ریاستی کانگریس کی نئی صدر
کانگریس اعلی کمان نے ہریانہ کا معاملہ سلجھاتے ہوئے اشوک تنور کی جگہ کماری سیلجا کو ریاستی کانگریس کا صدر بنا دیا ہے اور ہڈا کو اسمبلی میں کانگریس کا قائد مقرر کیا گیا ہے
ہریانہ میں چند ماہ بعد اسمبلی انتخابات ہونے ہیں اور کانگریس اعلی کمان نے اس کے پیش نظر ریاستی کانگریس میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے موجودہ ریاستی صدر اشوک تنور کو ہٹا کر ان کی جگہ دلت رہنما کماری سیلجا کو ریاست کا نیا صدر مقرر کیا ہے۔
واضح رہے اسمبلی انتخابات سے قبل ہریانہ میں سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا اور ریاستی صدر اشوک تنور کے درمیان اختلافات کی خبریں آ رہی تھیں۔ کانگریس کے اس اقدام کو اختلافات کو ختم کرنے کے تئیں اٹھایا گیا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
کماری سیلجا جو ہریانہ کا بڑا دلت چہرا ہیں، ان کے ریاستی صدر بننے سے کانگریس کو بڑا فائدہ ہو سکتا ہے۔ سیلجا انبالہ اور سرسا سے لوک سبھا کی رکن منتخب ہو چکی ہیں اور وہ چودھری دلویر سنگھ کی بیٹی ہیں جو ہریانہ کانگریس کے صدر بھی رہے اور مرکز میں وزیر بھی رہے ہیں۔ کہا یہ جا رہا ہے کہ کماری سیلجا کو ہڈا اور تنور کے اختلافات کی وجہ سے ریاستی کانگریس کا صدر بنایا گیا ہے لیکن وہ کانگریس کی تجربہ کار رہنما ہیں جو مرکز میں ویزیر بھی رہ چکی ہیں۔
ہریانہ کانگریس میں اس نئے پھیر بدل کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے کانگریس کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے صحافیوں کو بتایا کہ ہڈا کو اسمبلی میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کا قائد مقرر کیا گیاہے اور وہ الیکش کمیٹی کے چئیرمین بھی ہوں گے۔
غلام نبی آزاد نے صحافیوں کو یہ بھی بتایا کہ اب ہریانہ کانگریس میں کوئی اختلافات نہیں ہیں اور تنور و کرن چودھری مل کر کام کریں گے اور تمام رہنماؤں کو موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کانگریس اسمبلی انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Sep 2019, 6:10 PM