کیجریوال کی مشکلیں بڑھیں، کمار وشواس کا مطالبہ، کیجریوال صرف یہ کہہ دیں کہ’ وہ خالصتان کے خلاف ہیں‘
کمار وشواس نے کہا ہے کہ کیجریوال صرف یہ کہہ دیں کہ وہ کسی ریاست میں خالصتانی کو پنپنے نہیں دیں گے۔ اتنا کہنے میں کیا جا رہا ہے ۔
پنجاب اسمبلی کے لئے کل ووٹنگ ہونی ہے لیکن اس سے پہلے پنجاب میں خالصتان کو لے کر ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے سابق رہنما کمار وشواس نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو چیلنج کیا ہے کہ وہ صرف یہ کہہ دیں کہ وہ خالصتان کے خلاف ہیں ۔ دوسری جانب پنجاب کے وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی نے کیجریوال کے علیحدگی پسند تنظیموں کے ساتھ تعلق کی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سارے معاملہ پر کیجریوال نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کل کئی جگہ جواب دیا اور انہوں نے کہا کہ ’وہ تو سب سے سویٹ دہشت گرد ہیں جس نے اسکول بنوائے اور بزرگوں کو مذہبی سفر پر بھیجا ۔ اگر میں دہشت گرد ہوں تو دس سال سے کیا ایجنسی سو رہی تھیں ، انہوں نے مجھے گرفتار کیوں نہیں کیا۔‘‘ واضح رہے کیجریوال نے دہلی کے لوگوں سے پانچ سو اسکول ہر سال بنوانے کا وعدہ کیا تھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ دہلی میں شیلا دکشت حکومت کے بعد سے اسکول نہیں بنیں۔
کمار وشواس جو کبھی اروند کیجریوال کے بہت خاص ہوا کرتے تھے انہوں نے کیجریوال پر حملہ کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ صرف یہ کہہ دیں کہ وہ خالصتان کے خلاف ہیں ۔ کمار وشواس نے کہا ’’ وہ (کیجریوال) کہہ دیں کہ کسی ریاست میں خالصتانی کو پنپنے نہیں دوں گا ۔ اتنا کہنے میں کیا جا رہا ہے کہ میں خالصتان کے خلاف ہوں ، یہ وہ بول کر دکھائیں۔‘‘
واضح رہے کمار وشواس کے اس حملہ کے بعد تمام سیاسی پارٹیوں نے کیجریوال کو گھیرنا شروع کر دیا ہے اور ان سے سوال پوچھنے شروع کر دئے ہیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے سیدھا سوال پوچھا ہے ’’کیجریوال جی سیدھا جواب دو ، کمار وشواس سچ بول رہے ہیں ؟ ہاں یا نا۔‘‘ پرینکا گاندھی نے بھی اس کو ریٹویٹ کر کےلکھا ہے ’’جواب کے انتظار میں‘‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔