کولکاتا تشدد: امت شاہ کے خلاف کیس درج، ترنمول کانگریس نے جاری کیے 3 ویڈیوز

مغربی بنگال کے شہر کولکاتا میں روڈ شو کے دوران ہوئے تشدد کو لے کر امت شاہ کے خلاف شکایت درج کرائی گئی ہے۔ یہ شکایت ودیا ساگر کالج کی طالبہ سشویتا موکال نے درج کرائی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال کے کولکاتا میں بی جے پی صدر امت شاہ کے روڈ شو میں ہوئے تشدد کا جو ویڈیو سامنے آیا ہے اس میں صاف دیکھنے کو مل رہا ہے کہ بی جے پی کا پرچم ہاتھ میں لیے بھگوا لباس پہنے لوگ توڑ پھوڑ اور پتھراؤ کر رہے ہیں۔ اس تعلق سے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر غنڈہ گردی کا الزام عائد کیا ہے۔ ترنمول کانگریس نے ویڈیو جاری کر کے الزام عائد کیا کہ روڈ شو کے دوران ہوئے پورے ہنگامہ کے پیچھے بی جے پی حامیوں کا ہاتھ تھا۔ تشدد کو لے کر امت شاہ کے خلاف شکایت درج کرائی گئی ہے۔ یہ شکایت ودیاساگر کالج کی طالبہ سشویتا موکال نے درج کرائی ہے۔ دوسری جانب بی جے پی نے انتخابی کمیشن سے تشدد کی شکایت کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ترنمول کانگریس لیڈر ڈیرک او برائن نے ٹوئٹر پر لگاتار تین ویڈیو شیئر کیے ہیں۔ ان ویڈیوز میں بی جے پی کارکنان اور حامی خوب توڑ پھوڑ، آگ زنی اور پتھر بازی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ او برائن نے ان سبھی ویڈیوز کو ثبوت نمبر 1، 2 اور 3 لکھ کر شیئر کیا ہے۔


ترنمول کانگریس لیڈر ڈیرک او برائن کی جانب سے جاری پہلے ویڈیو میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ بھگوا رنگ کی قمیص پہنے اور ہاتھ میں بی جے پی کا جھنڈا لیے کچھ لوگ پتھر پھینک رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سڑک کنارے آگ زنی کرتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔


دوسرے ویڈیو میں بھی آگ زنی کرتے ہوئے بھگوا لباس پہنے لوگ نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں جلتی ہوئی گاڑیوں کے پاس موجود بھیڑ میں کچھ لوگ ڈنڈوں سے وہاں کھڑی دوسری گاڑیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ وہیں تیسرے ویڈیو میں بھیڑ کا ہنگامہ دکھایا گیا ہے۔ تینوں ویڈیو کو ڈیرک او برائن نے ثبوت کے طور پر ٹوئٹ کیا ہے۔ انھوں نے اس تشدد کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔


دوسری طرف بی جے پی نے ترنمول کانگریس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے ایک الگ ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے۔ بی جے پی آئی ٹی سیل کے چیف امت مالویہ نے ترنمول کانگریس پر امت شاہ کے روڈ شو میں تشدد پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔


اس واقعہ کے بعد مغربی بنگال اور دہلی کا سیاسی پارہ مزید گرم ہو گیا ہے۔ بی جے پی راجدھانی دہلی میں جنتر منتر پر واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہی ہے۔


قابل غور ہے کہ امت شاہ لوک سبھا انتخاب کے آخری مرحلہ میں اتوار کو ہونے والی ووٹنگ کے لیے پارٹی امیدواروں کی حمایت میں تشہیر کرنے کے لیے کولکاتا میں ہیں اور انھوں نے منگل کو یہاں ایک روڈ شو کیا۔ ان کے روڈ شو کے دوران خوب ہنگامہ ہوا۔ شاہ کے روڈ شو کے دوران یونیورسٹی کے دروازے کے سامنے اور ودیاساگر کالج کے ہاسٹل کے سامنے ترنمول کانگریس اور بی جے پی حامیوں کے درمیان پرتشدد تصادم ہوئے۔ اس دوران کالج احاطہ میں توڑ پھوڑ، آگ زنی اور پتھر بازی بھی ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 May 2019, 2:10 PM