جموں و کشمیر: کشتواڑ تصادم میں جے سی او جاں بحق، تین اہلکار زخمی، آپریشن جاری

کشتواڑ میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ تصادم میں جے سی او راکیش کمار جاں بحق ہو گئے جبکہ تین اہلکار زخمی ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر آپریشن جاری رکھا ہے

<div class="paragraphs"><p>یو این آئی</p></div>

یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

سری نگر: جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے کیشون علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان جاری شدید تصادم میں ہندوستانی فوج کے جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) راکیش کمار جاں بحق ہو گئے، جبکہ تین دیگر اہلکار زخمی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح سیکورٹی فورسز کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ اس علاقے میں ملی ٹینٹ چھپے ہوئے ہیں، جس کے بعد فورسز نے بڑے جنگلاتی علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔

دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جب سیکورٹی اہلکار مشتبہ مقام کے قریب پہنچے تو وہاں چھپے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر شدید فائرنگ شروع کردی۔ اس اچانک حملے میں جے سی او راکیش کمار اور تین پیرا کمانڈو اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں جے سی او راکیش کمار زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گئے۔


علاقے میں ملی ٹینٹوں کے خلاف آپریشن میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے قریبی درجن بھر علاقوں کو محاصرے میں لے لیا ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کے فرار ہونے کے تمام راستے بند کیے جاسکیں۔ دفاعی ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق علاقے میں تین سے چار ملی ٹینٹ پھنسے ہوئے ہیں، اور انہیں جلد ہی قابو میں لے لیا جائے گا۔

فورسز کے مطابق علاقے میں سخت پہرہ بٹھایا گیا ہے اور گاؤں والوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ان کے جان و مال کو محفوظ رکھا جا سکے۔ آخری اطلاعات کے مطابق علاقے میں آپریشن جاری تھا اور مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔