کشن گنج تھانہ انچارج قتل: بھاگ کر جان بچانے والے 7 پولیس اہلکار معطل، 3 ملزمان گرفتار

پولیس انسپیکٹر جنرل نے کشن گنج کے شہر تھانہ انچارج اشونی کمار کو مغربی بنگال میں چھاپہ ماری کے دوران پیٹ پیٹ کر قتل کیے جانے معاملے میں موقع سے جان بچا کر بھاگے 7 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا

کشن گنج کے مقتول شہر تھانہ انچارج اشونی کمار / آئی اے این ایس
کشن گنج کے مقتول شہر تھانہ انچارج اشونی کمار / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کشن گنج: بہار میں پورنیا علاقے کے پولیس انسپیکٹر جنرل نے کشن گنج کے شہر تھانہ انچارج اشونی کمار کو مغربی بنگال میں چھاپہ ماری کے دوران پیٹ پیٹ کر کیے گئے قتل کے معاملے میں موقع سے جان بچا کر بھاگنے والے سات پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے اتوار کے روز بتایا کہ پورنیا علاقے کے پولیس انسپیکٹر جنرل کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ لوٹی گئی موٹر سائیکل کی برآمدگی اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کشن گنج شہر تھانہ انچارج اشونی کمار کی قیادت میں ایک ٹیم ہفتے کے روز علیٰ الصباح سرحدی ریاست مغربی بنگال میں گوالپوکھر تھانہ حلقے کے پنتاپاڑہ گاؤں گئی تھی۔ اس ٹیم میں پولیس انسپیکٹر منیش کمار کے ساتھ ہی سپاہی راجو سہنی، اکھیلیشور تیواری، پرمود کمار پاسوان، اجول کمار پاسوان، سنیل چودھری اور سشیل کمار شامل تھے۔


ملزم کے رشتہ دار سمیت تقریباً 500 افراد نے چھاپہ مار ٹیم پر حملہ کر دیا۔ ہجوم نے پولیس انسپیکٹر اشونی کمار کو پکڑ لیا اور انھیں پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ وہیں، چھاپہ مار ٹیم میں شامل دیگر سات اراکین موقع سے جان بچا کر بھاگ گئے۔ اگر ان پولیس اہلکاروں نے اپنی ذمہ داری پر عمل درآمد عقلمندی سے کی ہوتی تو ممکنہ طور پر یہ واقعہ نہیں ہوتا۔ اس واردات میں بادی النظر ان سات پولیس اہلکاروں کی لاپرواہی سمجھ میں آتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیس انسپیکٹر جنرل نے کشن گنج کے پولیس افسر اشیش کی سفارش پر لاپرواہی کے لیے پولیس انسپیکٹر منیش کمار کے ساتھ ہی سپاہی راجو سہنی، اکھیلیشور تیواری، پرمود کمار پاسوان، اجول کمار پاسوان، سنیل چودھری اور سشیل کمار کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔


قبل ازیں کشن گنج شہر تھانہ انچارج اشونی کمار کے قتل کے معاملے میں پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزموں میں فیروز عالم، اس کا بھائی ابوذر عالم اور اس کی ماں شہنور خاتون شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق فیروز اس واقعہ کا کلیدی ملزم ہے۔

ذرائع کے مطابق چھاپہ مار ٹیم کے پنتاپاڑہ پہنچنے کے بعد ملزموں نے یہ افواہ پھیلا دی کہ بہار کی پولیس مغربی بنگال کے الیکشن میں دخل دینے آئی ہے۔ یہ سن کر عوام مشتعل ہو گئے اور کشن گنج پولیس کی ٹیم کو گھیر لیا۔ اس دوران دیگر پولیس اہلکار جان بچا کر بھاگ گئے لیکن پولیس انسپیکٹر اشونی کمار پھنس گئے۔ عوام نے ان کی ایک نہ سنی اور پیٹ پیٹ کر انھیں موت کے گھاٹ پہنچا دیا۔ وہیں پولیس ہیڈکوارٹر ذرائع نے بتایا کہ کمار کے اہل خانہ کو امداد، خدمات کا فائدہ اور پسماندگان میں سے ایک شخص کو سرکاری نوکری دینے کے لیے کاروائی کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔