کرن رجیجو کانگریس میں شامل ہونا چاہتے ہیں، لیکن ابھی لائن میں کھڑے رہنا ہوگا: پون کھیڑا

کھیڑا نے کہا کہ رجیجو اپنی باری کا انتظار کریں، ہم جانتے ہیں وہ کانگریس میں آنا چاہتے ہیں وہ پہلے بھی کانگریسی تھے، لیکن انھیں یہ سمجھنا چاہیے کہ کانگریس میں آنے کے لیے انھیں کئی سال انتظار کرنا ہوگا۔

کانگریس ترجمان پون کھیڑا، تصویر یو این آئی
کانگریس ترجمان پون کھیڑا، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو ’سدھر جانے‘ کی نصیحت دی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ غیر ملکی سرزمین پر انھیں ملک مخالف باتیں نہیں کرنی چاہیئں۔ اب اس معاملے میں کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم ان سے سوال کرتے ہیں کہ وہ کون ہیں جو سرٹیفکیٹ دینے آئے ہیں؟ کیا ان سے حکومت اور وزارت ٹھیک طرح سنبھالا جا رہا ہے؟ وہ جان لیں کہ ملک کے کروڑوں لوگ، نوجوان، کسان، دلت، محروم و پسماندہ طبقات، قبائلی، اقلیت اور خواتین راہل گاندھی کو آشیرواد دینے اور سرٹیفکیٹ دینے کے لیے کھڑے ہیں۔‘‘

پون کھیڑا نے کرن رجیجو پر سخت انداز میں حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’رجیجو اپنی باری کا انتظار کریں، لائن میں کھڑے رہیں۔ ہم جانتے ہیں وہ کانگریس میں آنا چاہتے ہیں، وہ پہلے بھی کانگریسی تھے۔ لیکن انھیں یہ سمجھنا چاہیے کہ کانگریس میں آنے کے لیے انھیں کئی سال انتظار کرنا ہوگا۔‘‘


اس درمیان کھیڑا نے جموں و کشمیر میں ہوئے اسمبلی انتخاب اور اس کے نتائج سے متعلق بھی اپنی رائے سامنے رکھی۔ وہ جموں و کشمیر میں انتخابی نتائج کو لے کر بہت مطمئن نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں، جہاں کل نتائج آنے والے ہیں، گورنر کو پانچ اراکین کو منتخب کرنے کا حق ہے، جسے کئی ماہرین نے آئین کے خلاف بتایا ہے۔ ہم نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے اتحاد کی حکومت بن رہی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔