بے گناہوں کو مارنے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا: محبوبہ مفتی
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اونتی پورہ واقعے کو درد ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ لوگوں کو مارنا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے
سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اونتی پورہ واقعے کو درد ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ لوگوں کو مارنا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں گھروں کے گھر خالی ہو رہے ہیں اور یہاں بھائی، بھائی کا دشمن بن گیا ہے۔ موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز ہاری پاریگام اونتی پورہ میں مہلوک ایس پی او فیاض احمد کے گھر تعزیت پرسی کے لئے حاضر ہونے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ہاری پاریگام اونتی پورہ کا واقعہ ایک درد ناک واقعہ ہے جس میں ایک گھر کے تین افراد شہید کیے گئے اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے'۔ موصوفہ کا کہنا تھا کہ بندوق کے بل بوتے پر کسی بھی مسئلے کو حل نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'بندوق کے بل بوتے پر کسی بھی مسئلے کو حل نہیں کیا جا سکتا ہے، یہ غلط ہے، یہاں بھائی، بھائی کا دشمن ہو گیا ہے اور گھروں کے گھر خالی ہو گئے ہیں'۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ بے گناہوں کو مارنے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے مہلوک ایس پی او کے بیٹے جو ٹری ٹوریل آرمی میں کام کر رہا ہے، کو ایس آر او 43 کے تحت کسی سول محکمے میں نوکری دینے کی اپیل کی۔ قابل ذکر ہے کہ ہاری پاریگام اونتی پورہ میں اتوار کی شام مشتبہ ملی ٹنٹوں نے فیاض احمد نامی ایک ایس پی او کے گھر میں داخل ہو کر اس پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں وہ خود، ان کی اہلیہ اور 23 سالہ بیٹی ہلاک ہوئی۔ کشمیر پولیس زون کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا دعویٰ ہے کہ یہ حملہ جیش محمد سے وابستہ دو ملی ٹنٹوں نے انجام دیا ہے جن کی شناخت کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔