قومی یومِ نوجوان کے موقع پر کھڑگے کا پیغام- ’مذہب، ذات پات، زبان، نسل، رنگ اور ہر طرح کی بندشوں کو توڑ دیں‘
کھڑگے نے کہا کہ تو آئیے مل کر اس تبدیلی کا آغاز کریں۔ جیسا کہ سوامی وویکانند نے کہا تھا ’’اٹھو، بیدار ہو جاؤ اور اس وقت تک مت ٹھہرو جب تک مقصد حاصل نہ ہو جائے!
نئی دہلی: انڈین نیشنل کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے سوامی وویکا نند کے یومِ پیدائش پر منائے جانے والے قومی یومِ نوجوان کے موقع پر ملک کے باشندگان سے کہا ہے کہ وہ ملک کی ترقی کے لئے ہر طرح کی بندشوں کو توڑ دیں، کیونکہ اس کے بغیر ملک کو ترقی کے عروج پر لے جانے کے لئے یہ کرنا ناگزیر ہے۔
کانگریس صدر کھڑگے نے 'قومی یومِ نوجوان' پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ’’یہ دن ہندوستان کے عظیم فلسفیوں میں سے ایک سوامی وویکانند کے یوم پیدائش کے موقع پر منایا جاتا ہے۔ وویکانند ہندوستانی اقدار کی علامت اور ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک تحریک تھے۔ سوامی جی کے افکار اور نظریات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے راجیو گاندھی نے اس دن کو ’قومی یوم نوجوان‘ قرار دیا۔‘‘
کھڑگے نے مزید کہا ’’سوامی جی 'بھارت جوڈو' میں یقین رکھتے تھے، جس کی جڑیں ہندوستان کی اندرونی اقدار میں پیوست ہیں۔ جس کا اظہار انہوں نے 1893 میں شکاگو میں دنیا کے مذاہب کے اجلاس میں اپنی تاریخی تقریر میں واضح طور پر کیا تھا، جس کے کچھ حصے میں آج یاد کرنا چاہتا ہوں۔‘‘
انہوں نے کہا ’’سوامی جی نے کہا تھا کہ فرقہ پرستی، تعصب اور اس کی گھناؤنی اولاد کی مذہبی ضد نے اس خوبصورت زمین کو طویل عرصے سے اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ انہوں نے اس زمین کو تشدد سے بھر دیا ہے اور یہ زمین کتنی بار خون سے سرخ ہو چکی ہے۔ نہ جانے کتنی تہذیبیں تباہ ہوئیں اور کتنے ملک تباہ بربار کر دیئے گئے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمارے کروڑوں لوگ ہندوستان کو متحد کرنے اور سماج میں پھیلی نفرت کو ختم کرنے کی آرزو اور خواب دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔ سوامی جی کا پیغام ہم سب کے لیے، خاص کر ہمارے نوجوانوں کے لیے رہنمائی کی روشنی ہے۔
انہوں نے کہا، ہندوستان میں دنیا کی نوجوانوں کی کل آبادی کا پانچواں حصہ ہے۔ ہندوستان کے نوجوان تبدیلی کے خواہشمند ہیں۔ وہ ایک بہتر اور محفوظ زندگی کا خواب دیکھ رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہندوستان عالمی ترقی کے عروج پر پہنچے۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم مذہب، ذات پات، زبان، نسل، رنگ، فرقہ یا جنس کی بندشوں کو توڑ دیں۔
کھڑگے نے کہا کہ ہم آہنگی سے رہنے والا معاشرہ ہی یہ سب حاصل کر سکتا ہے، تو آئیے مل کر اس تبدیلی کا آغاز کریں۔ جیسا کہ سوامی وویکانند نے کہا تھا ’’اٹھو، بیدار ہو جاؤ اور اس وقت تک مت ٹھہرو جب تک مقصد حاصل نہ ہو جائے!‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔