ملک کو بی جے پی-آر ایس ایس سے خطرہ، یہ صبح سے شام تک تقسیم کی بات کرتے ہیں: ملکارجن کھڑگے
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بی جے پی-آر ایس ایس اور وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے ملک کو خطرہ ہے، کیونکہ یہ صبح سے شام تک تقسیم کی بات کرتے ہیں
نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے اتوار کو ممبئی میں منعقدہ }آئین بچاؤ، جمہوریت بچاؤ‘ کانفرنس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، آر ایس ایس اور وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کی۔ کھڑگے نے بی جے پی کے ’کٹیں گے تو بٹیں گے‘ نعرے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی آج کل نئے نئے نعرے دے رہی ہے، مگر ان کا بنیادی مقصد ملک کو تقسیم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اگر ملک کو خطرہ ہے تو وہ بی جے پی-آر ایس ایس سے ہے، کیونکہ یہ لوگ صبح سے شام تک تقسیم کی بات کرتے ہیں۔‘‘
کھڑگے نے کہا، کانگریس ہمیشہ سے ملک کو ایک رکھنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔ ملک کو متحد رکھنے کے لیے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے اپنی جان دی۔ بی جے پی-آر ایس ایس نے اپنے نظریے اور منو اسمرتی کے ذریعے سماج میں تقسیم کا بیج بو دیا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اب اپنی حکومت کے لیے نتیش کمار اور چندرابابو نائیڈو کے سہارے ہیں۔ مودی 400 سے زیادہ سیٹوں کی بات کر کے لوگوں کو ڈراتے تھے، مگر اب خود ان کی حکومت اکثریت میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ "پرانے وقتوں میں حکومت کے سربراہ اپوزیشن کے رہنماؤں سے ملتے تھے، مگر آج مودی نہ اپوزیشن سے اور نہ ہی صحافیوں سے ملتے ہیں۔" کھڑگے نے کہا کہ ایک وقت تھا جب اٹل بہاری واجپائی نے بنگلہ دیش کے قیام پر اندرا گاندھی کی تعریف کی تھی اور نہرو جی اور واجپائی بھی ایک دوسرے کی تعریف کرتے تھے، مگر اب حکومت کی جانب سے ایسی مثبت باتیں نظر نہیں آتیں۔
مہا وکاس اگھاڑی کے سینئر رہنماؤں کی موجودگی میں کھڑگے نے مزید کہا کہ مودی جہاں حکومت نہیں بنا سکتے، وہاں سیاسی رہنماؤں کے خلاف ای ڈی، سی بی آئی جیسی ایجنسیاں لگا دیتے ہیں اور انہیں مختلف الزامات میں جیل میں ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی آخر کب تک لوگوں کو ان ایجنسیوں کے ذریعے ڈراتے رہیں گے اور کتنے لوگوں کو جیل میں ڈالیں گے؟ جب تک ہم متحد ہیں، آئین کا تحفظ کرتے رہیں گے۔
کھڑگے نے کہا کہ بی جے پی مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرتی ہے۔ "یہ لوگ خواتین کے احترام کی بات کرتے ہیں، مگر آج تک کوئی خاتون آر ایس ایس کی سربراہ نہیں بن سکی۔ ان لوگوں نے ابتدا میں خواتین کو ووٹ کا حق دینے کی بھی مخالفت کی، مگر کانگریس نے آئین کے ذریعے برابری کا حق دیا۔" کھڑگے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں صحیح فیصلہ کریں تاکہ ملک اور آئین کو مضبوطی ملے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔