آر ایس ایس کارکن گرفتار، پوچھ تاچھ میں ہوئے حیرت انگیز انکشافات
آر ایس ایس کارکن سے ہوئی پوچھ تاچھ میں کئی حیرت انگیز باتیں سامنے آئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتار آر ایس ایس کارکن نے آر ایس ایس دفتر کو نشانہ بنا کر بم پھینکا تھا لیکن یہ بم پولس پوسٹ کی طرف چلا گیا۔
کیرالہ کے کنور میں آر ایس ایس دفتر کے پاس واقع پولس پوسٹ پر بم پھینکے جانے کے الزام میں پولس نے آر ایس ایس کارکن کو گرفتار کیا ہے۔ تمل ناڈو کے کوئمبٹور سے آر ایس ایس کا یہ ورکر بدھ کے روز گرفتار ہوا جس کے بعد اس سے سختی کے ساتھ پوچھ تاچھ کی گئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق آر ایس ایس کارکن سے ہوئی پوچھ تاچھ میں کئی حیران کرنے والے انکشافات ہوئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گرفتار آر ایس ایس کارکن نے پولس پوسٹ کو نشانہ بنا کر بم نہیں پھینکا تھا بلکہ آر ایس ایس دفتر کو ہی نشانہ بنایا تھا جو کہ غلطی سے پولس پوسٹ کی طرف چلا گیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ گرفتار آر ایس ایس کارکن کا مقصد یہ تھا کہ وہ اپنی ہی تنظیم کے دفتر پر بم پھینکے اور اس کا الزام سی پی آئی ایم پر ڈال دے۔ لیکن معاملہ الٹا پڑ گیا اور غلطی سے بم پولس پوسٹ کی طرف چلا گیا۔
گرفتار آر ایس ایس کارکن سے پوچھ تاچھ جاری ہے اور پولس اس بم اندازی کی جانچ ہر پہلو سے کر رہی ہے۔ پولس کے مطابق ملزم پر پہلے سے ہی پانچ معاملے زیر التوا ہیں۔ پولس کا یہ بھی کہنا ہے کہ واردات کے وقت ملزم نشے کی حالت میں تھا۔ پولس کو امید ہے کہ جانچ کے دوران مزید کئی انکشافات ہو سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 Jan 2020, 12:11 PM