ہریانہ میں عام آدمی پارٹی کے بغیر حکومت نہیں بنے گی، اروند کیجریوال کا دعویٰ

دہلی کے وزیر اعلیٰ عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد پہلی بار ہریانہ پہنچے اور یمنا نگر میں ایک روڈ شو کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہریانہ میں جو بھی حکومت بنے گی، وہ عام آدمی پارٹی کے بغیر نہیں بنے گی

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

دہلی کے وزیر اعلیٰ عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد پہلی بار ہریانہ پہنچے اور یمنا نگر میں ایک روڈ شو کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہریانہ میں جو بھی حکومت بنے گی، وہ عام آدمی پارٹی کے بغیر نہیں بنے گی۔ خیال رہے کہ اروند کیجریوال دہلی شراب پالیسی معاملہ میں جیل میں قید تھے اور ضمانت پر رہائی ملتے ہی انہوں نے استعفیٰ کا اعلان کر دیا۔ عآپ کی قانون ساز پارٹی نے اس کے بعد آتشی کو اپنا قائد منتخب کر لیا اور انہوں نے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کر دیا۔ آتشی 21 ستمبر یعنی کل وزیر اعلیٰ عہدے کا حلف لیں گی۔

کیجریوال نے تہاڑ جیل میں گزارے دنوں کا ذکر کرتے ہوئے بی جے پی پر نشانہ سادھا اور کہا، ’’بی جے پی نے مجھے جیل میں ڈال دیا تھا۔ مجھے توڑنے کی بہت کوشش کی۔ طرح طرح کی اذیتیں دیں۔ ان کا مقصد کیجریوال کو جھکانا تھا۔ مگر ان کو یہ نہیں پتہ تھا کہ میں ہریانہ کا ہوں۔ میری رگوں میں ہریانہ کا خون ہے۔ یہ کسی کو توڑ سکتے ہیں، ہریانہ والوں کو نہیں۔ انہوں نے میرے ساتھ جو کیا، ہریانہ کا بچہ بچہ اس کا بدلہ لے گا۔ انہوں نے مجھے جیل بھیجا، ہریانہ کے لوگ اب ان کو باہر کریں گے۔‘‘


بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا، ’’جیل میں عام قیدیوں کو ملنے والی سہولیات بھی مجھے نہیں دی گئیں۔ جب میں جیل میں تھا تو انہوں نے ہماری حکومت توڑنے کی بہت کوشش کی۔ مگر، ایک بھی ایم ایل اے نہیں توڑ پائے۔ ایم ایل اے تو چھوڑئیے، ایک کارکن تک نہیں توڑ پائے۔ یہی ہے ایماندار پارٹی۔ پورا ہریانہ تبدیلی چاہ رہا ہے۔ اس بار ہریانہ میں ایماندار پارٹی لوگوں کے درمیان ہے۔

روڈ شو کے دوران کیجریوال نے کہا، ’’ایک طرف آدرش پال (عآپ کے امیدوار) ہیں، جو خوشی اور غم میں آپ کے ساتھ رہتے ہیں اور دوسری طرف، وزیر تعلیم ہیں، جنہوں نے پورے ہریانہ میں برا حال کیا ہوا ہے۔ پچھلے دس سال میں کنور پال نے جگادھری کو سوائے نشے اور بے روزگاری کے کچھ نہیں دیا۔ عآپ کو ایک بار موقع دیں، ہریانہ کو دہلی جیسا نظام تعلیم قائم فراہم کر دیں گے۔‘‘


کیجریوال نے کہا، "میں نے لوگوں سے کہا ہے کہ اگر آپ کو لگتا ہے کہ میں ایماندار ہوں تو مجھے ووٹ دیں۔ میں نے کہا ہے کہ میں جیتوں گا تب ہی وزیر اعلیٰ کی کرسی پر بیٹھوں گا۔ مجھے نہیں لگتا کہ آج تک کسی رہنما نے اتنی ہمت دکھائی ہوگی۔" اس دوران کیجریوال نے بڑا دعویٰ کیا، انہوں نے کہا کہ ہریانہ میں بننے والی حکومت عام آدمی پارٹی کی حمایت کے بغیر نہیں بنے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔