دہلی میں منکی پاکس کے پہلے معاملہ کی تصدیق کے بعد کیجریوال کی اپیل، ایل این جے پی میں اسپیشل وارڈ قائم

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اطلاع دی کہ منکی پاکس کے معاملوں کے پیش نظر دہلی کے این این جے پی اسپتال میں علیحدہ آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے

اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی میں منکی پاکس کا پہلا معاملہ سامنے آنے کے بعد لوگوں میں خوف کا ماحول ہے۔ یہ ملک میں اس بیماری کا چوتھا معاملہ ہے۔ دہلی میں منکی پاکس کے معاملہ کی تصدیق کے بعد وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اپیل جاری کرتے لوگوں ہوئے کہا کہ گھبرائیں نہیں، حالات قابو میں ہیں۔

دہلی کے معاملہ کی اطلاع دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ مریض کی حالت مستحکم ہے اور وہ صحت یاب ہو رہا ہے۔ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔ وزیر اعلیٰ کیجریوال نے مزید کہا ’’ہم نے ایل این جے پی میں علیحدہ آئسولیشن وارڈ قائم کر دیا ہے۔ منکی پاکس کو دہلی والوں میں پھیلنے سے روکنے اور اس کی حفاظت کے لیے ہماری بہترین ٹیم موجود ہے۔‘‘


اس سے پہلے منکی پاکس کے تین معاملوں کی کیرالہ میں تصدیق کی گئی ہے اور تینوں ہی مریض حال ہی میں بیرون ملک سے ہندوستان لوٹے تھے۔ دہلی میں جس 34 سالہ شخص میں منکی پاکس کا وائرس پایا گیا ہے اس کی کوئی بیرون ملک کی سفری تاریخ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ دہلی میں جس شخص میں منکی پاکس کا وائرس پایا گیا ہے وہ ؎ہماچل پردیش سے واپس آیا ہے، جہاں اس نے اسٹیج پارٹی میں شرکت کی تھی۔ جس کے بعد اسے بخار ہوا اور آہستہ آہستہ اس میں منکی پاکس کی علامات ظاہر ہونے لگیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ مریض کو دہلی کے ایل این جے پی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔