ای ڈی حراست میں رہتے ہوئے کیجریوال کوئی بھی سرکاری حکم نہ کریں جاری، ہائی کورٹ میں عرضی داخل
عرضی دہندہ سرجیت سنگھ یادو نے ایڈووکیٹ ششی رنجن کمار سنگھ اور مہیش کمار کے ذریعہ کہا کہ اروند کیجریوال حراست میں ہدایت اور حکم جاری کرتے وقت ہندوستانی آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ای ڈی کی حراست میں ہیں اور وہیں سے وہ حکومت چلا رہے ہیں۔ کچھ ہدایات انھوں نے حراست میں رہتے ہوئے جاری کی ہیں جس پر سوال کھڑے ہونے لگے ہیں۔ اس درمیان دہلی ہائی کورٹ میں ایک مفاد عامہ عرضی داخل کی گئی ہے جس میں کیجریوال کو ای ڈی کی حراست میں رہنے کے دوران کوئی بھی حکم جاری کرنے سے روکنے کی گزارش کی گئی ہے۔ ساتھ ہی مفاد عامہ عرضی میں ٹائپسٹ، کمپیوٹر، پرنٹر جیسی تمام چیزیں انھیں دستیاب نہ کرانے کی بھی گزارش کی گئی ہے۔
عرضی دہندہ نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ ای ڈی کو شکایت درج کرنے، جانچ کرنے اور اروند کیجریوال پر مقدمہ چلانے کی ہدایت دی جائے کہ پولیس حراست میں ان کے ذریعہ جاری کردہ حکم دہلی کی وزیر آتشی کے پاس کس طرح پہنچے۔ عرضی دہندہ سرجیت سنگھ یادو نے ایڈووکیٹ ششی رنجن کمار سنگھ اور مہیش کمار کے ذریعہ یہ مطالبہ دہلی ہائی کورٹ کے سامنے رکھا ہے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ اروند کیجریوال حراست میں ہدایات اور احکام جاری کرتے وقت ہندوستانی آئین کے تیسرے شیڈول کے تحت انھیں دی گئی رازداری کے حلف کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسی عرضی دہندہ نے حال ہی میں دہلی ہائی کورٹ میں ایک مفاد عامہ عرضی داخل کی تھی جس میں دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو دہلی حکومت کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے ہٹانے کی گزارش کی گئی ہے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ کیجریوال کی گرفتاری کے بعد دہلی حکومت کی وزیر آتشی نے 21 مارچ 2024 کو کئی چینلز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ کیجریوال اپنے عہدہ سے استعفیٰ نہیں دیں گے اور ضرورت پڑنے پر انتخاب لڑیں گے۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کیجریوال کے وزیر اعلیٰ بنے رہنے سے قانونی عمل میں رخنہ پیدا ہوگا جس سے ریاست میں آئینی نظام ٹوٹ سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔