کیجریوال نے لیفٹیننٹ گورنر سے عوامی مباحثہ کی اپیل کی
بجلی، صحت، پانی، تعلیم سے متعلق تمام قوانین اور ایکٹ میں حکومت کی تعریف 'منتظم/لیفٹیننٹ گورنر' کے طور پر کی گئی ہے، تو کیا آپ ہی ان تمام محکموں کو براہ راست چلائیں گے؟
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے دہلی کی منتخب حکومت کے کام کاج میں مسلسل مداخلت اور وزارتی کونسل کو نظرانداز کرکے فیصلے کرنے کے مسئلے پر عوامی بحث کی اپیل کی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے خط بھیج کرمختلف مسائل پر ذاتی گفتگو کے لئے مدعو کیے جانے کے بعد آج مسٹر کیجریوال نے اپنے خط میں کہا ہے کہ انہوں نے لیفٹننٹ گورنر سے منتخب حکومت کو سائیڈ لائن کرنے پر اپنا موقف عام کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران کے ذریعہ براہ راست نوٹیفکیشن جاری کراکے 10 ایلڈر مین، پریزائیڈنگ افسران اور حج کمیٹی کی تقرری پر عوام کی طرف سے شدید نکتہ چینی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی، صحت، پانی، تعلیم سے متعلق تمام قوانین اور ایکٹ میں حکومت کی تعریف 'منتظم/لیفٹیننٹ گورنر' کے طور پر کی گئی ہے، تو کیا آپ ہی ان تمام محکموں کو براہ راست چلائیں گے؟ پھر دہلی کی منتخب حکومت کیا کرے گی؟ کیا یہ منتخب حکومت سے متعلق منتقل شدہ معاملوں پر سپریم کورٹ کے تمام فیصلوں کے خلاف نہیں ہوگا؟ یہ سوال دہلی اور پورے ملک کے مستقبل کے لیے بہت اہم ہے۔ اس لیے ذاتی گفتگو سے بہتر ہے کہ عوامی بحث ہو۔
قبل ازیں مسٹر وی کے سکسینہ نے مسٹر کیجریوال کو ایک خط لکھ کر انہیں ذاتی میٹنگ کے لئے مدعو کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔