’کیجریوال حکومت چھٹھ پر پابندی عائد کرنے والا حکم فوراً واپس لے‘
دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اروند کیجریوال حکومت پوروانچلیوں اور دلتوں کے عقیدہ کے ساتھ کھلواڑ کرنا بند کرے۔‘‘
دہلی کی کیجریوال حکومت کے ذریعہ چھٹھ پوجا پر عائد کی گئی پابندی کے خلاف کانگریس نے آواز بلند کی ہے۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ چودھری انل کمار نے کہا ہے کہ چھٹھ پوروانچل کے باشندوں کے لیے سب سے بڑا تہوار ہے۔ پورے ملک میں دھوم دھام سے چھٹھ منایا جائے گا، لیکن دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال چاہتے ہیں کہ پوروانچلی دہلی میں چھٹھ تہوار نہ منائیں۔ چودھرہ انل نے اس موقع پر یہ بھی یاد دلایا کہ مہرشی والمیکی جنموتسو کمیٹی کے بالمیکی جینتی پر شوبھا یاترا کے 28 ستمبر 2021 کی درخواست کو دہلی حکومت نے ابھی تک زیر التوا رکھا ہوا ہے اور اس کی منظوری کے لیے کوئی یقین دہانی نہیں ملی ہے۔
دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ اروند کیجریوال پوروانچلیوں اور دلتوں کے عقیدے کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں جو مناسب نہیں۔ پارٹی دفتر میں منعقد پریس کانفرنس چودھری انل نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ دہلی حکومت کے حکم کو وہ فوراً منسوخ کر دیں۔ نامہ نگاروں سے خطاب کے دوران چودھری انل نے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے کچھ فیصلوں کی یاد دلائی اور کہا کہ جب شراب کے ٹھیکے، شادیاں، بس، ٹرانسپورٹ، ہفتہ واری بازار، سنیما ہال کو کووڈ پروٹوکول کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے تو پھر دہلی حکومت نے کورونا پھیلنے کے خطرے سے چھٹھ پوجا کے انعقاد پر پابندی کیوں لگائی۔ انھوں نے کہا کہ دہلی میں بی جے پی کی رتھ یاترا، جن آشیرواد یاترا پر دہلی حکومت نے کووڈ خطرے کے تحت پابندی کیوں نہیں لگائی؟ چودھری انل کمار نے کہا کہ دہلی میں اروند کیجریوال اور بی جے پی دونوں چھٹھ جیسے پاکیزہ تہوار پر روک لگا کر مہاجر پوروانچلیوں کی چھٹھ پر سامنے آنے والے اتحاد کو کچلنے کی سازش تیار کر رہے ہیں۔
چودھری انل کمار نے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے سوال پوچھا کہ جب رام لیلا، دسہرا، درگا پوجا کو منانے پر دہلی حکومت نے کوئی پابندی نہیں لگائی تو پھر کیجریوال چھٹھ تہوار پر پابندی کیوں لگا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کیجریوال نے کووڈ پروٹوکول کی دھجیاں گنیش چترتھی پوجا کر کے یمنا گھاٹ پر منعقد کر کے اس کا گووا میں براہ راست نشر انتخابی فائدہ اٹھانے ک لیے کیا گیا، جب کہ گزشتہ سال اکشردھام مندر میں عوامی دیوالی پوجا کر کے 6 کروڑ روپے خرچ کیے، یہ سب کووڈ دور میں ہی کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 12 Oct 2021, 8:11 PM