کیجریوال حکومت چھپا رہی کورونا کے اعداد و شمار، حالات بے قابو: کانگریس
دہلی میں کورونا کے بگڑتے حالات کے لیے دہلی حکومت اور خصوصاً وزیر صحت ذمہ دار ہیں۔ دہلی کانگریس صدر انل چودھری نے اس تعلق سے دہلی کی کیجریوال حکومت پر تلخ حملہ کیا ہے۔
دہلی میں کورونا کیسز لگاتار بڑھ رہے ہیں۔ بے قابو حالات کو دیکھتے ہوئے اس کا ٹھیکرا اپوزیشن پارٹیوں نے کیجریوال حکومت پر پھوڑنا شروع کر دیا ہے۔ اس تعلق سے دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے ایک پریس کانفرنس کی اور کہا کہ ’’دہلی میں گزشتہ چار دنوں سے لگاتار کووڈ کے معاملے بڑھے ہیں اور روزانہ 100 سے زائد لوگوں کی موت ہو رہی ہے۔ فی منٹ اوسطاً ایک شخص دہلی میں ہلاک ہو رہا ہے۔ یہ اعداد و شمار خوفناک ہونے کے ساتھ ساتھ کیجریوال حکومت کی قلعی بھی کھول رہے ہیں۔‘‘
چودھری انل کمار نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ 8 مہینے میں کووڈ-19 پر قابو پانے میں دہلی حکومت پوری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے اور وزیر اعلیٰ کیجریوال نے دہلی کو تہس نہس کر کے رکھ دیا ہے۔ آج دہلی میں کووڈ انفیکشن والے مریضوں کی تعداد ساڑھے پانچ لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے اور ساڑھے آٹھ ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔‘‘
دہلی کانگریس صدر نے مزید کہا کہ ’’دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین دہلی میں بگڑتے حالات کے لیے ذمہ دار ہیں، اور اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے انھیں فوری طور پر اس عہدہ سے استعفیٰ دینا چاہیے۔‘‘ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’کیجریوال حکومت صرف اشتہار کے لیے رول ماڈل بن کر رہ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ صرف اعلان کرتے ہیں اور اشتہار میں اپنی تصویر چھپوا کر عوام کے کروڑوں روپے برباد کر رہے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔