آلودگی نہ پھیلانے والی اکائیوں سے ناجائز وصولی ناقابل قبول،  دہلی کانگریس صدر سبھاش چوپڑہ

ریاستی صدر سبھاش چوپڑہ سے مل کر صنعت کاروں اور مزدوروں نے شکایت درج کرائی، اس دوران مکیش شرما نے کہا کہ کانگریس آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف ہو رہی کارروائی کے خلاف نہیں ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر سبھاش چوپڑہ نے الزام لگایا ہے کہ آلودگی پھیلانے والی اکائیوں کو بند کرنے کی آڑ میں راجدھانی میں ایسی صنعت اور صنعت کاروں کو بھی سیلنگ کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جو آلودگی پیدا نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ سیلنگ کا خوف دکھا کر افسران صنعت کاروں سے ناجائز وصولی کر رہے ہیں۔

کانگریس نے بدھ کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ ناجائز وصولی میں براہ راست طور پر عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے چھوٹے بڑے رہنما بھی شامل ہیں۔ تاہم، کانگریس کے چیف ترجمان مکیش شرما نے واضح طور پر کہا کہ پردیش کانگریس آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کے خلاف ہو رہی کارروائی کے خلاف نہیں ہے۔


سبھاش چوپڑہ نے کہا کہ راجدھانی دہلی میں بوانا، منڈکا، ہست سال، ننگلی، مایا پوری و دیگر حکومت سے منظورشدہ صنعتی علاقوں میں آلودگی نہ پھیلانے والی اکائیوں میں جبراً افسران گھس رہے ہیں اور فیکٹری مالکان کو ڈرا دھمکا کر ان سے رشوت لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے متعدد متاثرہ افراد نے پردیش کانگریس سے اپنا درد بیان کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی میں پہلے ہی بے روزگاری کی شرح بڑھی ہوئی ہے اور اگر غیر قانونی طریقہ سے آلودگی نہ پھیلانے والی اکائیوں کے خلاف کارروائی سے دلی میں بے روزگاری مزید بڑھے گی۔


سبھاش چوپڑہ اور مکیش شرما نے مشترکہ طور پر کہا کہ ہلی حکومت اور کارپوریشن کے افسران آلودگی پھیلانے کے نام پر جبراً لوگوں کے گھروں میں گھس رہے ہیں اور اگر کوئی مکان مالک اپنے گھر میں رنگ روغن بھی کرا رہا ہے تو اسے بھی آلودگی پھیلانے کے دایرہ میں بتا کر پریشان کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے نے الزام لگایا کہ افسران دہلی میں شادی بیاہ کے موقع پر بھی دخل دینے سے باز نہیں آ رہے۔

پردیش کانگریس کا واضح کہنا ہے کہ دہلی حکومت اور ایم سی ڈی اپنی ناکامیوں کو چھپا نے کے لئے جہاں دہشت پھیلا رہی ہیں وہیں دوسری طرف اس کی آڑ میں اپنا فائدہ بھی دیکھ رہی ہے۔ پارٹی نے اس تعلق سے دہلی کے ایل جی سے شکایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایک شکایتی مکتوب ان کے یہاں بھیجا جا رہا ہے۔ کانگریس کی جانب بیان جاری کر کے کہا کہ اگر یہ بدعنوانی بند نہیں ہوئی تو کانگریس صنعت کاروں اور مزدوروں کو انصاف دلانے کے لئے تحریک چلانے پر مجبور ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔