4 جون کو ہماری حکومت بنے گی : اروند کیجریوال نے روڈ شو میں کہا
وزیر اعلی کیجریوال نے کہا کہ دہلی اس موسم کی سب سے زیادہ گرمی کا سامنا کر رہا ہے۔ پھر بھی آپ گھروں سے نکل آئے۔ آپ لوگ مجھ سے بہت محبت کرتے ہو، میں بھی آپ سے بہت محبت کرتا ہوں۔
لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر انتخابی مہم میں لگاتار مصروف ہیں۔ دہلی میں روڈ شو کے دوران انہوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ عوام کی محبت اور اعتماد ظاہر کرتا ہے کہ ہمارا اتحاد یعنی انڈیا جیت رہا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ 4 جون کو انڈیا کی مخلوط حکومت بنے گی اور دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔
دہلی کے وزیر اعلی نے روڈ شو کے دوران کہا، "50 ڈگری درجہ حرارت میں بھی، آپ مجھے سننے کے لیے بڑی تعداد میں آئے ہیں۔ تم مجھ سے بہت محبت کرتے ہو، میں بھی تم سے محبت کرتا ہوں۔ میں تم سے محبت کرتا ہوں 2,3,4۔''
وزیر اعلی ٰ اروند کیجریوال نے مزید کہا، "دہلی اس موسم کی سب سے زیادہ گرمی کا سامنا کر رہی ہے۔ پھر بھی تم گھروں سے نکل آئے۔ تم لوگ مجھ سے بہت محبت کرتے ہو۔ میں بھی تم سے بہت محبت کرتا ہوں۔ جیل میں آپ کی بہت یاد آئی ۔ آپ کے دل میں کیجریوال کی یاد آئی اور میرے دل میں آپ کی یاد آئی، اوپر والے نے مجھے آپ کے بیچ بھیج دیا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ انہیں اس وقت معلوم ہوا جب وہ جیل میں تھے کہ دہلی کی کروڑوں خواتین نے پوجا کی اور کچھ نے روزہ رکھا۔ انہوں نے کہا کی ان کی ماؤں بہنوں کی عبادت کا نتیجہ تھا کہ وہ آپ کے درمیان ہوں۔ وہ اپنی تمام ماؤں اور بہنوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ’’ ایک دن میں جیل کی کوٹھڑی میں بیٹھا تھا، ہر سیل میں ٹی وی لگے ہوئے ہیں۔ میں ٹی وی دیکھ رہا تھا کہ اچانک میں نے دیکھا کہ سپریم کورٹ نے مجھے ضمانت دے دی ہے۔ یہ ایک معجزہ بن گیا ہے۔ مجھے کوئی امید نہیں تھی، یہ اوپر والے کی نعمت ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔