کیجریوال دیوالی پوجا سے کیا پیغام دینا چاہتے ہیں ؟
کیا اب کیجریوال بی جے پی کو ہندوتوا میں شکست دے کر ان سے آگے نکلنا چاہتے ہیں؟ کیا اس کے پیچھے اتر پردیش کے ساتھ کئی ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات تو نہیں ہیں؟
گزشتہ چھہ سالوں میں یعنی جب سے عام آدمی پارٹی دہلی میں اقتدار میں آئی ہے تب سے ہر سال دیوالی آئی لیکن دہلی میں اس مرتبہ کی دیوالی کچھ الگ ہی نظر آئی ۔ اس مرتبہ دہلی میں نہ صرف وزیر اعلی اروند کیجریوال نےاپنے وزراء کے ساتھ ایک اسٹیڈئم میں دیوالی منائی بلکہ ایسا محسوس ہوا کہ اس دیوالی کے اشتہار سے لے کر پوجا تک جے شری رام پر زیادہ زور دیا ۔ اس کی وجہ کیا اتر پردیش کے ساتھ کئی ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات تو نہیں ہیں؟ کیا اب کیجریوال بی جے پی کو ہندوتوا میں شکست دے کر ان سے آگے نکلنا چاہتے ہیں؟
واضح رہے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، ان کی اہلیہ سنیتا کیجریوال، نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور ان کی اہلیہ سیما سسودیا نے دیوالی کے موقع پر تیاگراج اسٹیڈیم میں منعقددیوالی پوجن پروگرام میں شرکت کی۔ اس بار کیجریوال حکومت نے ’دہلی کی دیوالی‘ ایک نئے انداز میں منائی۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی کابینہ اور دہلی والوں کے ساتھ تیاگراج اسٹیڈیم میں دیوالی پوجا کرکے بھگون رام کا استقبال کیا۔
واضح رہے دہلی حکومت نے تیاگراج اسٹیڈیم میں رام مندر کا 30 فٹ بلند اور 80 فٹ چوڑا ماڈل بنایاتھا، جہاں وزیراعلی نے اپنے تمام وزراء کے ساتھ مل کر پوجا کی۔ یہاں جھنڈے والان مندر کے پجاری نے رسومات کے ساتھ پوجا کی، جبکہ نامور گلوکارہ انورادھا پوڈوال نے بھجن اور گیتا چندرن نے گنیش وندنا پیش کی۔
تیاگراج اسٹیڈیم دیوالی کے موقع پر بھگوان رام کے استقبال کے لیےرنگ برنگی روشنیوں میں نہا یاہوا تھا۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال کی قیادت میں دہلی حکومت نے پچھلے سالوں کی طرح اس بار بھی بڑھتی ہوئی آلودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹاخوں سے پاک ’دہلی کی دیوالی‘ منانے کے لیے ایک نئے انداز میں تیاریاں کی تھیں۔ پورے اسٹیڈیم کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ اس ماڈل کے سامنے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنی کابینہ کے ساتھ دیوالی کی پوجا کی۔
دیوالی پوجا کی تقریب میں کابینی وزراء گوپال رائے، ستیندر جین، کیلاش گہلوت، راجندر پال گوتم، عمران حسین، دہلی اسمبلی کے اسپیکر رام نواس گوئل اور دیگر معززین بشمول ایم ایل ایز نے شرکت کی۔ نامور گلوکارہ انورادھا پوڈوال نے بھجن گا کر آرتی کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔