کیجریوال دہشت گرد ہیں، کئی ثبوت موجود: پرکاش جاوڈیکر

مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اس بات کے کئی ثبوت ان کے پاس موجود ہیں جو کیجریوال کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے کافی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی اسمبلی کے آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کےلئے جیسے جیسے وقت نزدیک آرہا ہے مختلف سیاسی پارٹیوں کے درمیان ایک دوسرے پر حملہ تیز ہوگیاہے۔تازہ واقعات میں اطلاعات و نشریات کے وزیر اور اسمبلی انتخابات کےلئے بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جےپی)کے انچارج پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ وزیراعلی اروند کیجریوال کے دہشت گرد ہونے کے ثبوت ہیں۔


بی جے پی کے پنڈت پنت مارگ میں واقع ریاستی دفتر میں پرکاش جاوڈیکر نے پیر کو نامہ نگاروں سے کہا کہ اروند کیجریوال پوچھ رہے ہیں کہ کیا میں دہشت گرد ہوں،تو اس بات کے کئی ثبوت ہیں۔پریس کانفرنس میں ریاستی بی جےپی صدر منوج تیواری اور وزیرمملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر بھی موجود تھے۔

اس سے پہلے مغربی دہلی سے بی جےپی رکن پارلیمنٹ پرویش صاحب سنگھ ورما نے کیجریوال کو دہشت گرد کہاتھا۔الیکشن کمیشن نے پرویش ورما کے اس بیان کے بعد انہیں بی جےپی کے اسٹار پرچارکوں کی فہرست سے باہر کرنےکے ساتھ ہی پرچار پر 96گھنٹے کی روک بھی لگا دی ہے۔


پرکاش جاوڈیکر نے پریس کانفرنس میں کہا،’’کیجریوال مایوس چہرہ بناکر یہ پوچھ رہے ہیں کہ کیا وہ دہشت گرد ہیں؟اس کے بہت ثبوت ہیں۔کیجریوال نے خود کہاتھا کہ میں ’انارکیسٹ‘ہوں،تو دہشت گرد اور انارکیسٹ میں بہت زیادہ فرق نہیں ہوتا۔‘‘ مرکزی وزیر نے کہا کہ کیجریوال پنجاب کے موگا میں خالستان کمانڈو فورس کے دہشت گرد کمانڈر گروندر سنگھ کی رہائش گاہ پر رات بھر ٹھہرے تھے۔ کیجریوال وہاں غلطی سے نہیں بلکہ سوچ سمجھ کر ٹھہرے تھے۔عام آدمی پارٹی(آپ)شہریت ترمیمی قانون (سی اےاے)کے خلاف شاہین باغ میں پچھلے تقریباً 50دن سےجاری احتجاجی مظاہرے کی حمایت کررہی ہے۔پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ جناح والی آزادی اور آسام کی تقسیم کی بات کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہونا بھی ایک قسم کی دہشت گردی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔